پی ٹی وی کی غنی گلاس کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی ، حارث رؤف کی میچ میں آٹھ وکٹیں
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے پانچویں راؤنڈ کے چوتھے اور آخری دن پی ٹی وی نے غنی گلاس کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی ۔فاسٹ بولر حارث رؤف نے میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
پی ٹی وی کے حسین طلعت اور کنگزمین کے محمد سلیمان نے سنچریاں اسکور کیں۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں غنی گلاس کی ٹیم پی ٹی وی کے خلاف اننگز کی شکست سے بچ گئی لیکن وہ پی ٹی وی کو صرف 12 رنز کا ہدف دے پائی جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا ۔
غنی گلاس کی دوسری اننگز کے اسکور 337 میں حسین طلعت نے 19 چوکوں کی مدد سے 108رنز اسکور کیے۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی 8 ویں سنچری ہے۔ محسن ریاض نے 76 رنز بنائے۔
حارث رؤف نے 81 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 45 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں کے آر ایل اور اسٹیٹ بینک کا میچ ڈرا ہوگیا۔ کے آر ایل نے دوسری اننگز 257 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی جس میں محمد فائق 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 98 رنز بناکر نمایاں رہے
اس طرح اسٹیٹ بینک کو جیتنے کے لیے 346 رنز کا ہدف ملا کھیل ختم ہونے پر اس نے 5 وکٹوں پر 145 رنز بنائے تھے۔فہام الحق نے 52 رنز بنائے۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کنگز مین اکیڈمی اور ایس این جی پی ایل کا میچ بھی ڈرا ہوگیا۔
کنگز مین کی ٹیم ایس این جی پی ایل کے خلاف دوسری اننگز میں 440 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد سلیمان 8چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 125 رنز کے ساتھ قابل ذکر رہے ۔محمد شایان نے75 اور محمد طیب نے 70 رنزاسکور کیے۔سمیر منہاس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ایس این جی پی ایل کو جیتنے کے لیے 424 رنزکا ہدف ملا تھا جب کھیل ختم ہوا تو اس نے بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنائے تھے۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کا چھٹا راؤنڈ پیر 12 اکتوبر سے شروع ہوگا جس میں غنی گلاس کا مقابلہ کنگزمین اکیڈمی سے ہوگا۔اسٹیٹ بینک کی ٹیم ایم آئی ٹی سلیوشنز کے مقابل ہوگی۔ پی ٹی وی کی ٹیم کے آر ایل کا سامنا کرے گی جبکہ ایس این جی پی ایل اور اوجی ڈی سی ایل کی ٹیمیں مقابلے پر ہونگی۔



Leave a Reply