پاکستان شاہینز کی انڈیا اے کے خلاف 48 رنز سے کامیابی، حسن نواز کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی
دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے میچ میں انڈیا اے کو 48 رنز سے شکست دے دی۔
حسن نواز نے 79 رنز بنانے کے بعد تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔علی رضا نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔
دوحا قطر میں جاری ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے اس میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 49.2 اوورز میں 313 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں انڈیا اے 49.1 اوورز میں 265 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ٹاس کے موقع پر عجیب و غریب صورتحال سامنے آئی ۔ پاکستان شاہینز کے کپتان عبدالصمد نے ہیڈ کال کی۔ بنگلہ دیشی میچ ریفری نیام الرحمن راشد نے سکہ گرنے کے بعد کہہ دیا کہ یہ ٹیل ہے لیکن عبدالصمد نے فوراً نیچے گرا ہوا سکہ دیکھا اور میچ ریفری کو ان کی سنگین غلطی کے بارے میں بتایا کہ یہ ہیڈ ہے ۔
دونوں ٹیموں میں کھلاڑیوں کی اکثریت انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھتی ہے۔
پاکستان شاہینز کے 9 کھلاڑی اور انڈیا اے کے 8 کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
پاکستان شاہینز کی اننگز میں معاذ صداقت اور شامل حسین نے پہلی وکٹ کے لیے 66 رنز کا اضافہ کیا۔شامل حسین 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 33 رنزبناکر آؤٹ ہوگئے۔ روحیل نذیر کوئی رن نہ بناسکے۔
معاذ صداقت نے 63 گیندوں پر 59 رنزکی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے حسن نواز کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 54 رنز کا اضافہ کیا۔
حسن نواز نے 82 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔انہوں نے کپتان عبدالصمد کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز کا اضافہ کیا۔
عبدالصمد ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 28 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
انڈر 19 کپتان فرحان یوسف نے 48گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے ۔ انہوں نے حسن نواز کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 44 اور عمران رندھاوا کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 34 رنز کا اضافہ کیا۔
عمران رندھاوا نے 14 گیندوں پر ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے23 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان شاہینز 41 ویں اوور سے اننگز کے اختتام تک صرف 68 رنز کا اضافہ کرسکی اس دوران اس کی 5 وکٹیں گریں ۔
وپراج نگم ، سوریانش شیڈگے ، ہرشیت رانا اور پرنس یادو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی بولنگ شاندار انداز میں شروع ہوئی ۔عمران رندھاوا نے سوریا ونشی کو صرف11 رنز پر مڈآف پر کپتان عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
اگلے ہی اوور میں علی رضا نے آیوش بدونی کو صفر پر بولڈ کردیا۔
انڈیا اے کی دو وکٹیں 26 رنز پر گرگئیں جس کے بعد کپتان تلک ورما اور ابھیشک شرما اسکور کو 93 تک لے گئے۔
ابھیشک شرما نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے عمران رندھاوا کے چوتھے اوور میں 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 24 رنز بناڈالے۔ وہ 42 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیل کر حسن نواز کی گیند پر عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے اس اننگز میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
نیپال کے خلاف سنچری بنانے والے کمار کوشاگرا کو سفیان مقیم نے اپنے پہلے ہی اوور میں2 رنز پر بولڈ کردیا۔ انڈیا اے کی چوتھی وکٹ 102 رنز پر گری۔
115 کے اسکور پر انڈیا اے کی پانچویں وکٹ بھی گرگئی جب حسن نواز نے رنکو سنگھ کو 6 رنز پر بولڈ کردیا۔
حسن نواز نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ شوریانس شیڈگے کو بھی 3 رنز پر عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ کراکر اپنی تیسری وکٹ حاصل کرلی۔
نیپال کے خلاف سنچری بنانے والے تلک ورما نے ابھیشک شرما کی موجودگی میں سپورٹنگ رول اختیار کیے رکھا تھا ان کے جانے کے بعد ہاتھ کھولے اور 100 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے لیکن ان کی کوشش ناکافی ثابت ہوئی ۔
شہباز احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرکے انڈیا اے کی دم توڑتی ہوئی امیدوں کو پھر سے زندہ کردیا۔انہوں نے 49 گیندوں پر 4چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 56 رنز بنائے اور تلک ورما کے ساتھ ساتویں وکٹ کی شراکت میں 112رنز کا اضافہ کیا۔
44 ویں اوور میں اسوقت امپائرز اور پاکستان کے کپتان عبدالصمد میں بحث تکرار ہوئی جب امپائر نے علی رضا کی گیند کو ڈیڈ بال قرار دے دیا جب تلک ورما اسی سائیڈ پر کھڑے تھے جہاں سے علی رضا گیند کررہے تھے۔پاکستان ٹیم اس فیصلے سے خوش نہیں تھی۔
اسی اوور میں علی رضا نے پہلے شہباز احمد کی اہم وکٹ حسن نواز کے کیچ کے ذریعے حاصل کی اور پھر اگلی ہی گیند پر وپراج نگم کو بولڈ کردیا۔
عمران رندھاوا نے اپنی دوسری کامیابی ہرشیت رانا کو فرحان یوسف کے کیچ کے ذریعے آؤٹ کرکے حاصل کی۔
احمد دانیال نے تلک ورما کو آؤٹ کرکے انڈیا اے کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
حسن نواز نے 10 اوورز میں 45رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جو لسٹ اے میں ان کی بہترین بولنگ بھی ہے۔
علی رضا نے10 اوورز میں 56 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
عمران رندھاوا نے دو جبکہ احمد دانیال اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان شاہینز کا تیسرا اور آخری گروپ میچ 24 نومبر کو نیپال کے خلاف ہوگا۔



Leave a Reply