نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی میں انونسیبلز اور اسٹرائیکرز کی جیت
نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اتوار کو کھیلے گئے میچوں میں انونسیبلز نے کانکررز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی جبکہ اسٹرائیکرز نے چیلنجرز کو102 رنز سے ہرادیا۔
بوہرنوالی گراؤنڈ فیصل آباد میں کانکررز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔
جواب میں انونسیبلز نے مطلوبہ اسکور14.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
کانکررز کی اننگز میں عالیہ ریاض نے 44 رنز بنائے۔گل رخ نے 21 رنز اسکور کیے۔انوشا نے 27 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔طیبہ امدادنے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انونسیبلز کی اننگز میں سمیعہ افسر ایک چھکے اور 7چوکوں کی مدد سے 57 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ گل فیروز نے23 رنز بنائے۔ سدرہ امین 38 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
سمیعہ افسر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
جواد کلب گراؤنڈ میں اسٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر164 رنز بنائے۔ عمیمہ سہیل نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 72 رنز کی اننگز کھیلی۔نتالیہ پرویز نے 31 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔
سائرہ جبین نے 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں چیلنجرز 14.5 اوورز میں صرف 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔قرۃ العین 15 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ رامین شمیم نے صرف 5 رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔معصومہ فاطمہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
عمیمہ سہیل پلیئر آف دی میچ رہیں۔



Leave a Reply