پاکستان کی سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 4 وکٹوں سے کامیابی
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا آغاز پہلے میچ میں 4 وکٹوں کی جیت سے کیا۔
یہ پاکستان کی سری لنکا کے خلاف 31 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 19 ویں کامیابی ہے جبکہ اس سال اس نے 17 میچوں میں یہ 10 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جیتا ہے۔ دوسری جانب سری لنکا کی اس سال 23 میچوں میں یہ 15 ویں شکست ہے۔
پاکستان نے عمران رندھاوا اور رضاء اللہ کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی۔ سفیان مقیم ، عرفات منہاس اور عبدالصمد میں سے کوئی بھی الیون میں جگہ نہیں بناسکا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 182 رنز بنائے۔
پاکستان نے جواب میں 18.5اوورز چھ وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
سری لنکا کی اننگز کی خاص بات اپنا پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے اوپنر لاہیرو اودارا کی شاندار بیٹنگ تھی جنہوں نے 55 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھے کی مدد سے 91 رنز اسکور کیے۔اس سے قبل ان کا بہترین اسکور صرف21 رنز تھا۔
انہوں نے کامندو مینڈس کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 60 اور داسن شاناکا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 57 رنز کا اضافہ کیا۔
کامندو مینڈس نے 4 چوکوں کی مدد سے 23 رنز اور شاناکا نے 2 چھکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے۔
نسیم شاہ 36 رنز کے عوض 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔عمران رندھاوا نے 21 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
صائم ایوب ، رضاء اللہ اور شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی لیکن تینوں مہنگے ثابت ہوئے۔ شاداب خان نے 3 اوورز میں 33 رنز دے ڈالے۔
شاداب خان نے آخری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور انگلینڈ کے خلاف 3 اوورز میں 31 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی تھی اور اس کے بعد سری لنکا کے خلاف بھی 3 اوورز میں 33 رنز دے کر وہ کوئی بھی وکٹ نہیں لے پائے تھے۔
ابرار احمد 4 اوورز میں 36 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔
پاکستان ٹیم نے 29 ایکسٹرا رنز دیے جن میں 18 رنز وائیڈ کے تھے۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز کپتان صاحبزادہ فرحان اور فخرزمان نے اعتماد سے کیا اور54 رنز کی شراکت قائم کی۔فخرزمان 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بناکر ایشان مالنگا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
معاذ صداقت نے مالنگا کے اسی اوور میں ایک چوکے اور دو چھکوں کے ساتھ اپنی اننگز شروع کی اور کیریبئن لیگ کی زبردست فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 29 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔یہ ان کی اپنے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پہلی نصف سنچری ہے
کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی 11 ویں اور کپتان کی حیثیت سے پہلی نصف سنچری اسکور کی ۔ وہ 53گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 89 رنز بناکر تشارا کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو پاکستان ٹیم جیت سے صرف 4 رنز دور رہ گئی تھی۔
صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 92 رنز کا اضافہ کیا۔یہ پارٹنرشپ ٹیکشانا نے معاذ صداقت کو ایل بی ڈبلیو کرکے ختم کی۔
حسن نواز صرف ایک رن بناکر دوشمانتھا چمیرا کی گیند پر اودارا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
یہ چمیرا کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں100 ویں وکٹ تھی۔ ان سے قبل ہسارنگا 163 اور لستھ مالنگا 107 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
صائم ایوب کی مایوس کن بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ وہ 8 صرف رنز بناکر ٹیکشانا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے مالنگا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ خواجہ نافع کے چھکے نے جیت کو پایہ تکمیل تک پہنچادیا۔
سیریز کے بقیہ دو میچز 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔



Leave a Reply