سہ فریقی سیریز میں پاکستان ویمنز انڈر 19 پانچواں میچ ہارگئی
سہ فریقی ویمنز انڈر19 ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان ویمنز انڈر19 کو سری لنکا ویمنز انڈر 19 کے خلاف 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ اس سیریز میں پاکستان کی چھ میچوں میں پانچویں اور سری لنکا کے خلاف دوسری شکست ہے۔
یاد رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان ویمنز انڈر 19 کو بنگلہ دیش نے 30 رنز سے ہرایا تھا ۔دوسرے میچ پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔ تیسرے میچ میں اسے بنگلہ دیش نے 13 رنز سے ہرادیا تھا ۔ چوتھے میچ میں اسے سری لنکا کے خلاف 9 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ پانچویں میچ میں اسے بنگلہ دیش نے 32 رنز سے ہرایا تھا۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 105 رنز بنائے۔
اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کے چار سب سے کم اسکور پاکستان ٹیم کے رہے ہیں جو 87 ۔104 ۔ 105۔ اور 110 ہیں۔
سری لنکا نے جواب میں 13.4 اوورز میں چار وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان ٹیم ایک بار پھر کومل خان سے بڑے اسکور کی توقع رکھے ہوئے تھی لیکن وہ اسمرتبہ 12رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ راویل فرحان اور ذوفشاں ایاز بھی قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکیں اور بالترتیب 14 اور 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
کپتان فضا فیاض نے اپنی مایوس کن کارکردگی جاری رکھی اور صرف 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
شہربانو 2 چھکوں کی مدد سے 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ اقصٰی حبیب نے 20 رنز اسکور کیے ۔
لمانسا تلکارتنے نے 14 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
یشالی جیتھارا نے 20 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کی اننگز میں اوپنرسنجنا کاوندی نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 46 رنز اسکور کیے۔ لمانسا تلکارتنے 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
سہ فریقی سیریز کے آخری لیگ میچ میں14 اکتوبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی جبکہ 16 اکتوبر کو یہی دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہونگی۔


Leave a Reply