معاذ صداقت اور صاحبزادہ فرحان پھر چھاگئے، دوسرا ٹی ٹوئنٹی اور سیریز پاکستان کے نام
پاکستان نے نہ صرف سری لنکا کے خلاف اپنا سب سے بڑا اسکور215 رنز3 کھلاڑی آؤٹ بنادیا بلکہ 82 رنز سے فتح بھی حاصل کرلی جو پاکستان کی سری لنکا کے خلاف سب سے بڑی جیت بھی ہے۔
اس سے قبل اس نےاسی سال فروری میں پالیکلے میں 8 وکٹوں پر212 رنز بنائے تھے اور اگست 2009 میں اس نے کولمبو میں 52 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ان دو نئے ریکارڈز کے ساتھ ساتھ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری بھی حاصل کرلی۔
پاکستان نے پہلا میچ چار وکٹوں سے جیتا تھا۔تیسرا اور آخری میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔
پہلے میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی معاذ صداقت اور کپتان صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ پاکستان کی سری لنکا کے خلاف 32 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 20 ویں کامیابی ہے جبکہ اس سال اس نے 18 میچوں میں یہ 11 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جیتا ہے۔ دوسری جانب سری لنکا کی اس سال 24 میچوں میں یہ 16 ویں شکست ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں3 وکٹوں پر 215 رنز بنائے۔
سری لنکا کی ٹیم جواب میں 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز بنا پائی۔
پاکستان ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتری۔ رضاء اللہ ڈیبیو میچ کھلا کر باہر بٹھادیے گئے اور ان کی جگہ سلمان مرزا ٹیم میں آگئے۔ سری لنکا نے تین تبدیلیاں کیں۔
کپتان صاحبزادہ فرحان اور فخرزمان نے ٹیم کو 55 رنز کا اسٹارٹ دیا۔ فخرزمان 4چوکوں کی مدد سے22 رنز بناکر ٹیکشانا کی گیند پر کامندو مینڈس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
اپنا 50 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والےصاحبزادہ فرحان 44 گیندوں پر 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی اہم اننگز کھیل کر شاناکا کی گیند پر ٹیکشانا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
یہ ان کی سیریز میں لگاتار دوسری اور مجموعی طور پر 12 ویں نصف سنچری ہے۔ قسمت بھی ان پر مہربان رہی ۔ 2 رنز پر ٹیکشانا اور 11 رنز پر جے وردھنے نے ان کا کیچ ڈراپ کردیا۔
صاحبزادہ فرحان نے معاذ صداقت کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 88 رنز کا اضافہ کیا۔
معاذ صداقت آئے اور پھر چھاگئے ۔ وہ اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 6 چوکوں اور7 چھکوں کی مدد سے 96 رنز بناکر مالنگا کی گیند پر شاناکا کے ہاتھوں اننگز کی آخری گیند پر کیچ ہوگئے ۔ 44 کے اسکور پر توشارا نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ ڈراپ کردیا تھا۔
معاذ صداقت نے 7 چھکوں کے ساتھ پاکستان کے کسی بھی بیٹر کی جانب سے سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی برابر کردیا جو اس سے قبل محمد رضوان، محمد حارث اور حسن نواز ( دو مرتبہ ) کے نام تھا۔
حسن نواز ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا نے216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹیں صرف 49 رنز پر گنوادیں جن میں سے تین کو عمران رندھاوا نے آؤٹ کیا تھا۔انہوں نے ایک ہی اوور میں وکٹ کیپر خواجہ نافع کے کیچز کی مدد سے کپتان کوسال مینڈس( 9 ) اور ساہان اراچیگے ( صفر ) کی وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل انہوں نے سینتھ جے وردھنے کو 22 رنز پر فخرزمان کے ہاتھوں کیچ کرایا تھا۔
پہلے میچ میں 91 رنز بنانے والے لاہیرو اودارا اننگز کے پہلے ہی اوور میں 5 رنز بناکر سلمان مرزا کی گیند پر خواجہ نافع کے ہاتھوں کیچ ہوگئے تھے۔
داسون شاناکا 9 رنز بناکر صائم ایوب کے پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے۔ کامندو مینڈس بھی 23 رنز بناکر شاداب خان کو ان کے پہلے ہی اوور میں وکٹ دے گئے۔
چمندو وکرماسنگھے ( 29 ) اور مہیش ٹیکشانا ( 32 ناٹ آؤٹ ) کے درمیان 50رنز کی پارٹنرشپ کے نتیجے میں سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف اپنے سب سے کم اسکور 99 سے خود کو بچالے گئی لیکن ہدف تک پہنچنا اس کے بس میں نہ تھا۔
عمران رندھاوا صرف 11 رنز کے عوض 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔
سلمان مرزا نے28 رنز دے کر2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔



Leave a Reply