پریذیڈنٹ ٹرافی : ایم آئی ٹی سلیوشنز کی فائٹ بیک ، بابراعظم کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے پہلے راؤنڈ میں ایم آئی ٹی سلیوشنز فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں اپنی عمدہ بیٹنگ کے سبب کنگزمین اکیڈمی کے خلاف میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
کے آر ایل اور غنی گلاس کا میچ بھی ڈرا ہوگیا جبکہ دو میچوں کے آخری دن کا کھیل مکمل طور پر بارش کی نذر ہوگیا۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کے سلسلے میں ایک خبر یہ بھی ہے کہ پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابراعظم اوجی ڈی سی ایل کی طرف سے گیسٹ پلیئر کے طور پر یہ ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔
یاد رہے کہ بابراعظم سات سال کے طویل عرصے کے بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں گے۔ انہوں نے آخری مرتبہ 20-2019 کے سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے دو میچز سینٹرل پنجاب کی طرف سے کھیلے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹر عامر جمال بھی پریذیڈنٹ ٹرافی میں ایم آئی ٹی سلیوشن کی طرف سے گیسٹ پلیئر کے طور پر کھیلیں گے۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں کنگز مین اکیڈمی اور ایم آئی ٹی سلیوشنز کے درمیان ڈرا ہونے والے میچ میں ایم آئی ٹی فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں 384 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد فاروق 67۔ خبیب خلیل 53 اور سماما ریاض 67 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے جس کی وجہ سے ایم آئی ٹی ، کنگز مین کو 150 رنز کا ہدف دینے کی پوزیشن میں آگئی۔کھیل ختم ہونے پر کنگزمین نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 45 رنز بنائے تھے۔
عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں کے آر ایل اور غنی گلاس کے درمیان کھیلا گیا میچ ڈرا ہوگیا۔ غنی گلاس کو جیتنے کے لیے 457 رنز کا ہدف ملا تھا۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے تھے۔طاہر بیگ نے 79 رنز اسکور کیے۔
شاہین آفریدی اس مرتبہ مہنگے ثابت ہوئے اور انہوں نے 8 اوورز میں کوئی وکٹ حاصل کیے بغیر53 رنز دے ڈالے۔
Babar To Play For OGDCL; All Four Matches Drawn
— Grassroots Cricket (@grassrootscric) September 15, 2026
🔗Read more: https://t.co/F1BVXAUKsc#PresidentsTrophy | #BabarAzam | #GRC pic.twitter.com/beFsF98frI
اس سے قبل کے آر ایل کی دوسری اننگز میں شاہ زیب خان نے سنچری اسکور کی۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں اوجی ڈی سی ایل اور پی ٹی وی کا میچ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے تیسرے دن اوجی ڈی سی ایل نے فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 64 رنز بنائے تھے۔ آخری دن کھیل نہ ہوسکا۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ایس این جی پی ایل اور اسٹیٹ بینک کا میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ اسٹیٹ بینک کا دوسری اننگز میں اسکور ایک وکٹ پر 190 رنز تھا۔فہام الحق 78 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ اس میچ میں بھی آخری دن کھیل نہ ہوسکا۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کا دوسرا راؤنڈ 18 ستمبر سے شروع ہوگا۔
غنی گلاس بمقابلہ ایس این جی پی ایل ۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ ۔اسلام آباد۔
کے آر ایل بمقابلہ ایم آئی ٹی سلیوشنز۔ شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی ۔
اسٹیٹ بینک بمقابلہ پی ٹی وی ۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم ایبٹ آْباد ۔
کنگز مین اکیڈمی بمقابلہ اوجی ڈی سی ایل ۔عمران خان اسٹیڈیم پشاور۔



Leave a Reply