عبدالصمد ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں شاہینز کی قیادت کریں گے
19 سالہ عبدالصمد ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ ( پچاس اوورز ) میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے جو19 سے 29نومبر تک قطر میں کھیلا جائے گا
پاکستان اس ایونٹ کا دفاعی چیمپئن ہے۔
پاکستان شاہینز کو گروپ بی میں بھارت اے، نیپال اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گا ہے۔ پاکستان شاہینز کا پہلا میچ20 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا۔ 22 نومبر کو اس کا دوسرا میچ بھارت اے کے خلاف اور آخری میچ 24 نومبر کو نیپال کے خلاف ہوگا۔
پاکستان شاہینز کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، سوائے افتتاحی میچ کے جو دن کے وقت یونیورسٹی آف دوحہ فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی گراؤنڈ میں ہوگا۔ گروپ اے میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے، ہانگ کانگ چائنا اور سری لنکا اے شامل ہیں۔
عبدالصمد کے علاوہ بیٹنگ لائن اپ میں حسن نواز، معاذ صداقت، حیدر علی، شاہ زیب خان، فرحان یوسف اور شامل حسین شامل ہیں جبکہ روحیل نذیر وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
حسن نواز اور معاذ صداقت حال ہی میں ہوم سہ فریقی سیریز جیتنے والی سینئر ٹیم کا حصہ تھے۔
پندرہ رکنی اسکواڈ میں سے صرف شاہ زیب خان نے پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی ہے تاہم وہ رواں سال اے سی سی انڈر 19
ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کر چکے ہیں۔
اسپن بولنگ کے شعبے میں لیفٹ آرم اسپن آل راؤنڈر دانش عزیز، لیگ اسپنر سعد مسعود اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
فاسٹ بولنگ میں محمد حسنین گزشتہ ایڈیشن میں سپر اوور کے ہیرو احمد دانیال، عاکف جاوید اور عمران رندھاوا پیس اٹیک کا حصہ ہوں گے۔
محمد حسنین نے اپنا آخری ون ڈے انٹر نیشنل فروری 2025میں کھیلا تھاجبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل دسمبر 2024میں کھیلا تھا۔
شاہینز نے آخری پچاس اوورز ایڈیشن سری لنکا میں 2023 میں جیتا تھا جب اس نے فائنل میں بھارت اے کو 128 رنز سے شکست دی تھی جبکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اس نے گزشتہ سال سپر اوور میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔
پاکستان 2013 اور 2017میں رنرز اپ رہ چکا ہے جبکہ 2019 میں اس نے ٹائٹل جیتا تھا۔
پاکستان شاہینز ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
عبدالصمد ( کپتان) احمد دانیال ۔ عاکف جاوید ۔ دانش عزیز۔ فرحان یوسف۔ حیدرعلی۔ حسن نواز۔ معاذ صداقت۔ محمد حسنین ۔ محمد عمران رندھاوا۔ روحیل نذیر ( وکٹ کیپر ) ۔ سعد مسعود۔ شاہ زیب خان ۔ شامل حسین۔ سفیان مقیم۔
پاکستان شاہینز کے میچز۔
20 نومبر۔ بمقابلہ متحدہ عرب امارات۔
22نومبر ۔ بمقابلہ بھارت اے۔
24نومبر بمقابلہ نیپال۔
26 نومبر۔ پہلا سیمی فائنل۔
27 نومبر دوسرا سیمی فائنل۔
29نومبر۔ فائنل۔


Leave a Reply