جب پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ کو خوبصورت بنایا
نسل در نسل پاکستان نے صرف ٹیسٹ میچ نہیں جیتے بلکہ ایسے کرکٹرز پیدا کیے جن کی مہارت، خود اعتمادی، منفرد انداز اور انفرادیت نے دنیا کو انہیں دیکھنے پر مجبور کیا۔ نتائج شاید وقت کے ساتھ ماند پڑ گئے ہوں لیکن ان کھلاڑیوں کی میراث آج بھی زندہ ہے۔ اب یہ ذمہ داری ایک نئی نسل کی ہے کہ وہ اس ورثے کو آگے لے کر چلے۔
ایک وقت تھا جب پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی شناخت تلاش کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ دنیا خود جانتی تھی کہ پاکستان کی پہچان کیا ہے۔
یہ حنیف محمد تھے جو کریز پر اس طرح جم کر کھڑے رہتے تھے جیسے ہتھیار ڈالنا ان کی سرشت میں ہی شامل نہ ہو۔ فضل محمود تھے جن کی بولنگ میں نفاست بھی تھی اور تباہ کن اثر بھی، اور جو گیند کو اپنی مرضی کے مطابق حرکت دینے کا ہنر جانتے تھے۔ ظہیر عباس تھے جو حریف بولنگ کو زیر کرنے کے بجائے اسے اپنی خوبصورت بیٹنگ سے مسحور کر دیتے تھے۔ ماجد خان تھے، جن کے لیے بیٹنگ کرنا بظاہر انتہائی آسان کام تھا۔ جاوید میانداد تھے، جو ہر مقابلے کو ذاتی جنگ سمجھ کر کھیلتے تھے۔ اور عبدالقادر تھے جنہوں نے لیگ اسپن کو ایک فن اور تماشے میں بدل دیا۔
اور پھر عمران خان تھے، وہ عظیم آل راؤنڈر جن کی شخصیت میں کشش، خود اعتمادی اور قیادت کا غیر معمولی امتزاج تھا۔ میدان میں ان کی کارکردگی نے انہیں کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شامل کیا اور پاکستان کو عالمی کرکٹ میں ایک منفرد مقام دلایا۔
1992 میں میلبرن میں پاکستان کو تاریخی ورلڈ کپ جتوانے کے بعد عمران خان کی بین الاقوامی کرکٹ سے رخصتی ایک عہد کے اختتام کی علامت تھی، لیکن ان کی میراث آج بھی زندہ ہے۔ ان کی غیر معمولی کامیابیاں، یادگار کارکردگی، متاثر کن قیادت اور کھیل کو نئی جہت دینے والے خیالات آج بھی دنیا بھر میں کرکٹ سے محبت کرنے والوں کے لیے قابلِ تحسین اور قابلِ ذکر ہیں۔
عمران خان کے بعد کے دور میں وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے تین عظیم فاسٹ بولرز سامنے آئے، جو گیند کو ایسی حرکت دینے کی صلاحیت رکھتے تھے جو بظاہر فزکس کے قوانین کو بھی چیلنج کرتی محسوس ہوتی تھی۔ سعید انور کی دلکش بیٹنگ، انضمام الحق کی پُرسکون مگر غیر معمولی مہارت، محمد یوسف کی نفاست اور یونس خان کی رنز بنانے کی مسلسل بھوک نے اس روایت کو آگے بڑھایا۔
پاکستان نے محض ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی بلکہ اسے خوبصورت بنایا۔
آج اس تاریخ کو یاد کرنے کی ضرورت اس لیے نہیں کہ ماضی کی یادوں میں پناہ لی جائے یا موجودہ حالات کی تلخیوں سے نظریں چرائی جائیں بلکہ اس لیے کہ تاریخ کبھی کبھی کسی کھیل سے وابستہ قوم کو یاد دلاتی ہے کہ وہ ماضی میں کن معیار کو معمول سمجھتی تھی۔
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز اکتوبر 1952 میں بھارت کے خلاف ہوا۔ اپنے دوسرے ہی ٹیسٹ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کرلی۔ لکھنؤ میں فضل محمود نے بارہ وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے دو سال بعد وہ کارنامہ انجام پایا جس نے کرکٹ کی پرانی دنیا کو پاکستان کی طاقت کا احساس دلایا۔ اوول میں انگلینڈ کو 24 رنز سے شکست ہوئی اور فضل محمود نے 12 وکٹیں حاصل کیں۔ یوں پاکستان نے انگلینڈ میں اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر کی۔
ایک نئی ٹیسٹ ٹیم کو انگلینڈ میں کامیابی حاصل کرنے میں صرف دو سال لگے تھے۔ اس پہلی نسل نے اعدادوشمار سے بڑھ کر ایک چیز فراہم کی
دنیا میں اپنی ساکھ اور اعتبار۔
حنیف محمد نے پاکستان کو استقامت کی پہچان دی۔
1958 میں برج ٹاؤن، ویسٹ انڈیز میں ان کی 337 رنز کی اننگز آج بھی ٹیسٹ کرکٹ کی وقت کے اعتبار سے طویل ترین اننگز ہے۔ انہوں نے
970منٹ سے زائد کریز پر گزارے اور فالو آن کے بعد پاکستان کو شکست سے بچا لیا۔
پاکستان کی کرکٹنگ شخصیت اسی وقت تشکیل پا رہی تھی
تکنیکی مہارت، غیر معمولی ثابت قدمی، روایتی انداز سے ہٹ کر کھیلنے کی صلاحیت اور مشکل ترین حالات میں حیران کن کارنامے انجام دینے کا حوصلہ۔
مختلف دہائیوں کے اعدادوشمار اس کے بعد آنے والی کہانی بیان کرتے ہیں۔
1950کی دہائی میں پاکستان نے 29 ٹیسٹ کھیلے اور آٹھ میں کامیابی حاصل کی۔
1960کی دہائی نسبتاً مشکل رہی اور 30 ٹیسٹ میچوں میں صرف دو فتوحات حاصل ہوئیں، لیکن اسی دوران ایک نئی نسل ابھر رہی تھی۔
1970کی دہائی میں ماجد خان، آصف اقبال اور ظہیر عباس پاکستان کے نمایاں رنز بنانے والے بیٹرز میں شامل تھے، جبکہ سرفراز نواز اور عمران خان وکٹیں لینے والوں میں سرفہرست رہے۔
پاکستان اب کرکٹ کی دنیا کے لیے محض ایک دلچسپ نیا ملک نہیں تھا بلکہ ایک مضبوط کرکٹنگ قوت بننے کی جانب گامزن تھا۔
وہ دہائی جب سب کچھ ایک ساتھ حاصل ہواپھر
1980 کی دہائی آئی۔ شاید کوئی دوسری دہائی پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ سے وابستہ رومانویت کی اتنی بہتر عکاسی نہیں کرتی۔
1980سے 1989کے درمیان پاکستان نے 80 ٹیسٹ کھیلے، 23جیتے 13میں شکست کھائی۔ یہ اعدادوشمار متاثر کن ہیں، لیکن ان کے پیچھے موجود نام اس سے بھی زیادہ شاندار ہیں۔
جاوید میانداد نے اس دہائی میں 5642 رنز بنائے۔ عمران خان نے 256 اور عبدالقادر نے216 وکٹیں حاصل کیں۔
تاہم صرف اعدادوشمار ان کھلاڑیوں کی مقبولیت اور اثرات کی وضاحت نہیں کر سکتے۔
میانداد مزاحمت اور مقابلہ کرنے کی علامت تھے۔ عبدالقادر نے لیگ اسپن کے اس فن کو نئی زندگی اور نیا وقار دیا جسے ٹیسٹ کرکٹ میں ختم ہوتا ہوا تصور کیا جا رہا تھا۔ عمران خان نے رفتار، مہارت، جسمانی صلاحیت، شخصیت اور قیادت کو اس انداز میں یکجا کیا جو پاکستان نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔
اس دہائی کا فیصلہ کن مرحلہ اختتام کے قریب آیا۔
1987 میں پاکستان نے بھارت کا دورہ کیا اور پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز
ایک صفر سے جیت لی۔ چند ماہ بعد انگلینڈ کا دورہ کیا اور وہاں بھی پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک صفر سے اپنے نام کرلی۔ اگلے موسمِ سرما میں پاکستان نے ہوم سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر سے شکست دی۔
1988 میں ویسٹ انڈیز کا دورہ۔
یہ وہ ویسٹ انڈین ٹیم تھی جو اپنے عروج پر تھی۔ پاکستان اسے شکست تو نہ دے سکا، لیکن ویسٹ انڈیز بھی پاکستان کو زیر نہ کر سکا۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریزایک ایک سے برابر رہی۔
اس دور میں، جب ٹیسٹ کرکٹ پر شاید تاریخ کی سب سے خوفناک اور طاقتور ٹیم کی حکمرانی تھی، پاکستان اس کے سامنے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑا رہا۔
80کی دہائی نے پاکستان کو عالمی کرکٹ کی بڑی قوتوں میں شامل کیا تو
90 کی دہائی نے پاکستانی کرکٹ کی ایک عجیب خصوصیت کو نمایاں کیا
شدید انتشار کے باوجود غیر معمولی صلاحیتوں کا مسلسل سامنے آنا۔
یہ کپتانی کی تبدیلیوں، ڈریسنگ روم کے اختلافات، اندرونی گروپ بندیوں اور کھیل سے متعلق سنگین الزامات اور تحقیقات کا دور تھا۔ بظاہر ان حالات میں کرکٹ کو متاثر ہونا چاہیے تھا لیکن حیران کن طور پر غیر معمولی کرکٹ مسلسل سامنے آتی رہی۔
اس دہائی میں پاکستان نے 76 ٹیسٹ میچوں میں سے 32 جیتے جو
80کی دہائی کے مقابلے میں 9 زیادہ فتوحات تھیں، حالانکہ اس دہائی میں پاکستان نے چار میچ کم کھیلے تھے۔
کھلاڑیوں کی کارکردگی پر نظر ڈالیں۔
انضمام الحق نے اس دہائی میں 3717 رنز بنائے، سعید انور نے3366 اور سلیم ملک نے3126 رنز اسکور کیے۔
دوسری جانب بولنگ کے اعدادوشمار بھی غیر معمولی تھے۔ وسیم اکرم نے289
وقار یونس نے 273اور مشتاق احمد نے 172وکٹیں حاصل کیں۔
خصوصاً وسیم اور وقار پاکستانی کرکٹ کی حقیقی پہچان تھے۔ وہ کسی ایک طے شدہ سانچے میں ڈھالے گئے کھلاڑی نہیں تھے۔ ان کا اپنا انداز، جارحیت، مہارت اور ایسا شاندار کھیل تھا جو چند اوورز میں ٹیسٹ میچ کا نقشہ بدل سکتا تھا۔
پاکستان نے 1992 اور 1996میں انگلینڈ کو دو بار اسی کے ملک میں شکست دی لوگوں کی دلچسپی صرف اس بات میں نہیں ہوتی تھی کہ پاکستان جیتے گا یا نہیں، بلکہ اس میں بھی ہوتی تھی کہ وہ کس انداز میں جیتے گا۔
شاید ماضی کو یاد کرتے ہوئے سب سے مشکل چیز یہی ہے جسے اعدادوشمار میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان کے پاس ایسے کرکٹرز تھے جنہیں غیر جانبدار شائقین بھی کھیلتے دیکھنا چاہتے تھے۔ ان کی کرکٹ میں شخصیت اور انفرادیت تھی، بعض اوقات ضرورت سے زیادہ بھی، لیکن ان کے کھیل میں گمنامی یا بے رنگی کبھی نہیں تھی۔
1992 کی میراث زندہ رہی
یہ کہنا غلط ہوگا کہ پاکستان کی عظیم ٹیسٹ روایت 90 کی دہائی کے ساتھ ختم ہوگئی۔
پاکستان نے 2000 کی دہائی میں 30 اور 2010کی دہائی میں 33 ٹیسٹ جیتے۔
محمد یوسف نے اس دہائی میں 6439 رنز بنائے۔ یونس خان نے5260 اور انضمام الحق نے5112 رنز اسکور کیے۔ دانش کنیریا نے 245 شعیب اختر 144 نے اور ثقلین مشتاق نے 101وکٹیں حاصل کیں۔
پھر پاکستان کرکٹ کو ایک ایسے مسئلے کا سامنا کرنا پڑا جس کا تجربہ اس سے پہلے کی نسلوں نے اس پیمانے پر کبھی نہیں کیا تھا
اپنے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ سے محرومی۔
کئی برسوں تک متحدہ عرب امارات پاکستان کا ہوم گراؤنڈ بنا رہا۔ اسی جلاوطنی سے ایک اور مضبوط پاکستانی ٹیم نے جنم لیا۔
اس ٹیم میں اپنے پیشروؤں جیسی جارحانہ انفرادیت شاید کم تھی۔ اس کی شخصیت مختلف تھی
اس ٹیم نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کو کلین سوئپ کیا۔سری لنکا کے خلاف سیریزجیتی پھر ایک ایسا کارنامہ انجام پایا جو اس سے پہلے پاکستان کی کسی ٹیم نے باضابطہ طور پر حاصل نہیں کیا تھا۔
مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم 22 اگست 2016 میں پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں عالمی نمبر ایک بن گئی۔
2003 میں موجودہ رینکنگ سسٹم متعارف ہونے کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ پاکستان نے یہ مقام حاصل کیا۔
اس کامیابی کی علامتی اہمیت غیر معمولی تھی۔
جب آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے لاہور میں مصباح الحق کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کی میس پیش کی تو پاکستان کو وہاں ہوم ٹیسٹ کھیلے ہوئے سات سال گزر چکے تھے۔
پاکستان نے عملاً جلاوطنی میں رہتے ہوئے عالمی نمبر ایک بننے کا سفر مکمل کیا تھا۔
حنیف اور فضل کی میراث زندہ رہی تھی۔ بس اسے آگے بڑھانے والے ہاتھ بدل گئے تھے۔
اور اب؟
یہی وہ مقام ہے جہاں موجودہ حالات تکلیف دہ محسوس ہوتے ہیں۔
2020کے بعد سے پاکستان کا ٹیسٹ کرکٹ کا ریکارڈ 47 میچوں پر مشتمل ہے، جن میں16 فتوحات 25 شکستیں اور چھ ڈرا شامل ہیں۔
انفرادی کارکردگی کے اعدادوشمار اب بھی غیر معمولی صلاحیتوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اس عرصے میں بابر اعظم 3064رنز کے ساتھ پاکستان کے نمایاں رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔ نعمان علی 101اور شاہین آفریدی 101 وکٹوں اور ساجد خان 77وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔
پاکستان آج کے مسائل کا حل یہ تلاش نہیں کرسکتا کہ اگلا عمران خان کہاں ہے، ایک اور جاوید میانداد کا انتظار کیا جائے یا پھر کسی دوسرے وسیم اور وقار کے آنے کی امید باندھ لی جائے۔
وہ کھلاڑی اپنے اپنے زمانے کی پیداوار تھے۔ آج کے کھلاڑیوں کو اپنے دور کی نمائندگی کرنی ہے۔
اور یہ بھی حقیقت ہے کہ ماضی ہر لحاظ سے مثالی نہیں تھا۔
پرانا پاکستان بھی ٹیسٹ میچ اور سیریز ہارتا تھا۔ کرکٹ انتظامیہ سے غلطیاں ہوتی تھیں۔ انتخاب کا عمل بعض اوقات انتشار کا شکار رہتا تھا۔ کھلاڑیوں میں اختلافات ہوتے تھے۔ خصوصاً 90 کی دہائی کرکٹ کے انتظامی معاملات کے اعتبار سے کسی سنہری دور کا نام نہیں تھی۔
اصل سبق یہ نہیں کہ ماضی کا ہر پہلو آج سے بہتر تھا، بلکہ سبق یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ نے بارہا اپنے مسائل کے باوجود اپنے ٹیلنٹ کو زندہ رکھنے کے راستے تلاش کیے۔
یہی وہ میراث ہے جو آج کے منتظمین، سلیکٹرز، کوچز اور کھلاڑیوں کو سونپی گئی ہے۔
پاکستان کو ایک ایسے فرسٹ کلاس نظام کی ضرورت ہے جو کرکٹرز کو ٹیسٹ کرکٹ کے لیے تیار کرسکے۔ ایسی پچز درکار ہیں جو مختصر مدت کے نتائج کے بجائے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھاریں۔ انتخاب کا ایسا نظام ہونا چاہیے جو کارکردگی کو اہمیت دے اور کھلاڑیوں کو تسلسل فراہم کرے۔
ایسے منتظمین کی ضرورت ہے جو اگلی سیریز سے آگے کا سوچ سکیں، اور سب سے بڑھ کر اس یقین کی بحالی ضروری ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ واقعی اہمیت رکھتی ہے۔کھلاڑیوں کی بھی اپنی ذمہ داریاں ہیں۔
پاکستان کی ٹیسٹ کیپ پہننے سے کسی کو عظمت کا حق نہیں مل جاتا، لیکن یہ کیپ اپنے ساتھ ایک تاریخ ضرور لے کر آتی ہے۔
یہ کیپ فضل محمود نے پہنی تھی۔ حنیف محمد نے پہنی تھی۔ ظہیر عباس، ماجد خان اور سرفراز نواز نے پہنی تھی۔ عمران خان، جاوید میانداد اور عبدالقادر نے پہنی تھی۔ وسیم، وقار، انضمام، شعیب اور سعید انور نے پہنی تھی۔ محمد یوسف اور یونس خان نے پہنی تھی۔ مصباح اور سرفراز احمد نے پہنی تھی۔
ہر نسل نے اپنے سے پہلے آنے والی نسل سے کچھ حاصل کیا اور پھر اسے یہ ذمہ داری دی گئی کہ وہ آنے والی نسل کے لیے بھی کچھ چھوڑ کر جائے۔
اس سلسلے کو ٹوٹنے نہیں دینا چاہیےکیونکہ پاکستان کی شاندار کرکٹ تاریخ کو یاد کرنے کا مقصد آج کے کھلاڑیوں کو یہ بتانا نہیں ہونا چاہیے کہ وہ ماضی کے ہیروز کا مقابلہ نہیں کرسکتے بلکہ مقصد انہیں یہ یاد دلانا ہونا چاہیے کہ وہ کیا کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔
ایک وقت تھا جب پاکستان بیرونِ ملک حریفوں کے لیے خوف کی علامت تھا، اپنے میدانوں پر ناقابلِ شکست دکھائی دیتا تھا، انفرادی صلاحیتوں سے مالا مال تھا اور دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں کا مقابلہ کسی خوف یا معذرت کے بغیر کرتا تھا۔
پاکستان نے ایسے بیٹرز پیدا کیے جنہیں دیکھنے کے لیے لوگ راتوں کو جاگتے تھے اور ایسے بولرز پیدا کیے جنہیں ایکشن میں دیکھنے کے لیے تماشائی ٹکٹ خریدتے تھے۔
پاکستان کی کرکٹ کبھی کبھی ناقابلِ فہم حد تک پریشان کن بھی ہوتی تھی اور شاندار بھی۔ پاکستان نے نسلوں کو ٹیسٹ کرکٹ سے محبت کرنا سکھایا۔
یہ تاریخ کسی عجائب گھر میں محفوظ رکھنے کے لیے نہیں ہے۔
یہ اس اگلے پاکستانی بولر کے نام ہے جو یہ یقین رکھتے ہوئے گیند اٹھائے کہ وہ بیرونِ ملک ٹیسٹ میچ جتوا سکتا ہے۔
یہ اس اگلے بیٹر کے نام ہے جو مشکل ترین چوتھی اننگز کو آزمائش کے بجائے ایک موقع سمجھے۔
یہ اس اگلے کپتان کے نام ہے جو بہانوں کے بجائے معیار کا مطالبہ کرے۔
اور یہ اس اگلے منتظم کے نام ہے جو ایسی بنیاد رکھنے کے لیے تیار ہو جو اس کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی قائم رہے۔
اور شاید ایک دن ایسا بھی آئے جب آنے والی نسل آج کے کھلاڑیوں کو اسی محبت اور احترام سے یاد کرے اور کہےیہ وہ دور تھا جب پاکستان نے ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ کو خوبصورت بنا دیا تھا۔




Leave a Reply