سری لنکا اے رائزنگ اسٹارز چیمپئن ، پاکستان شاہینز کو فائنل میں شکست
سری لنکا اے نے دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز کو ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
سری لنکا اے نے 2017 اور 2018 کے بعد تیسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل میں پہنچی تھیں۔
پاکستان شاہینز نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔ سری لنکا اے نے سیمی فائنل میں بھارت اے کو 8 وکٹوں سےہرایا تھا۔
دوحا قطر میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 216 رنز بنائے۔
جواب میں سری لنکا اے نے 41.3 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان شاہینز کی اننگز میں شاہ زیب خان نے 4 چوکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی لگاتار دوسری نصف سنچری ہے۔
شامل حسین نے 40 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے۔ معاذ صداقت صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ گروپ میچوں میں متحد عرب امارات اے اور بھارت اے کے خلاف نصف سنچریوں کے بعد وہ تین اننگز میں 13 ۔ 6 ۔ اور 5 رنز بناسکے۔
حسن نواز 26 گیندوں پر صرف 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
شاہ زیب خان اور کپتان عبدالصمد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 52 رنز کا اضافہ کیا جو پاکستان شاہینز کی اننگز کی سب سے بڑی پارٹنرشپ تھی۔
عبدالصمد ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان شاہینز کو اسوقت بڑا دھچکہ پہنچا جب فرحان یوسف ( 7 ) اور شاہ زیب خان ( 60 ) راویندو فرنینڈو کے ایک ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے۔عمران رندھاوا 2 رنز بناسکے۔
167 رنز پر آٹھ وکٹیں گرجانے کے بعد روحیل نذیر اور سفیان مقیم نے نویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 46 رنز کا اضافہ کیا۔ روحیل نذیر نے 3چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے37 رنز اسکور کیے۔ سفیان مقیم ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا اے کی طرف سے راویندو فرنینڈو نے 10 اوورز میں صرف 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔گروکا سنکھٹ نے بھی 3 وکٹیں 46 رنز کے عوض حاصل کیں۔ ونوجا ساہن نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
بھارت اے کے خلاف سیمی فائنل میں سنچریاں بنانے والے سینتھ جے وردھنے ( 20 ) اور لستھ کروس ُپلے ( 26) پاور پلے میں حسن نواز اور علی رضا کی بولنگ پر آؤٹ ہوگئے دونوں کے کیچز روحیل نذیر نے لیے۔
نشن مادوشکا اور کپتان پون رتنائیکے نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 80 رنز بنائے۔ یہ شراکت سفیان مقیم نے پون رتنائیکے کو 30 رنز پر بولڈ کرکے ختم کی اور پھر اسی اوور میں دھنن جایا کو بھی صفر پر آؤٹ کردیا۔
168 رنز پر سری لنکا کی گرنے والی پانچویں وکٹ لیاناگے کی تھی جو 11 رنز بناکر معاذ صداقت کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
8 رنز کے اضافے پر علی رضا نے فرنینڈو کو 3 رنز پر روحیل نذیر کی مدد سے آؤٹ کردیا۔
مادوشکا کی 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی شاندار اننگز کا خاتمہ احمد دانیال نے روحیل نذیر کے کیچ کے ذریعے کردیا۔ یہ روحیل نذیر کا اس میچ میں چوتھا کیچ تھا۔
سری لنکا کی ساتویں وکٹ 198 رنز پر گری اور پھر اسی اسکور پر اگلے ہی اوور میں آٹھویں وکٹ وجے کانتھ کے 13 رنز پر رن آؤٹ کی صورت میں گرگئی۔
سری لنکا کی نویں وکٹ بھی 198 رنز پر گری جب علی رضا کی گیند پر ونوجا ساہن روحیل نذیر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے جن کا یہ پانچواں کیچ تھا۔
لاہیرو سمارا کون اور گروکا سنکھت کی آخری جوڑی نے جیت کے لیے درکار
19 رنز بناکر سری لنکا اے کو یادگار جیت سے ہمکنار کردیا۔لاہیرو کی 15رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز میں تین چوکے شامل تھے۔سنکھت 4رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
علی رضا نے58 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سفیان مقیم نے 55 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔



Leave a Reply