جے ڈی ڈبلیو کے عثمان صلاح الدین کی نیشنل بینک کے خلاف سنچری
جے ڈی ڈبلیو نے کپتان عثمان صلاح الدین کی سنچری کی بدولت نیشنل بینک کے خلاف پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ کے میچ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 70 اوورز کی بیٹنگ میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل نیشنل بینک نے اپنی پہلی اننگز میں 70 اوورز کی بیٹنگ میں 9 وکٹوں پر 305 رنز بنائے تھے۔
کھیل ختم ہونے پر نیشنل بینک نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 122 رنز بناکر 137 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی ہے۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں تین روزہ میچ کے دوسرے دن جے ڈی ڈبلیو کی پہلی اننگز میں کپتان عثمان صلاح الدین نے 3 چھکوں اور 16چوکوں کی مدد سے 135 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
عثمان صلاح الدین بدقسمتی سے صرف ایک ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کرپائے ہیں حالانکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں وہ تواتر سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ 28 سنچریوں کی مدد سے دس ہزار سے زائد رنز بناچکے ہیں۔
شعیب نے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ہمایوں الطاف نے33 رنز بنائے۔ محمد نعیم نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
نیشنل بینک کی دوسری اننگز میں ابوبکر خان 12 چوکوں کی مدد سے 67 اور وسیم خان 36 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
ابوبکرخان نے پہلی اننگز میں سنچری اسکور کی تھی۔
جے ڈی ڈبلیو نے اپنا پہلا میچ حیدر کرکٹ کلب کے خلاف 10 وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ کنگزمین کے خلاف اس کا دوسرا میچ ڈرا ہوگیا تھا۔
جے ڈی ڈبلیو کا آخری گروپ میچ ایشال ایسوسی ایٹس کے خلاف ہے جو یکم اکتوبر سے یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔



Leave a Reply