پاکستان ویمنز ٹیم دو بار کی ایشین گیمز گولڈ میڈلسٹ لیکن اس بار سخت چیلنج ۔
جاپان میں منعقدہ 20 ویں ایشین گیمز میں ویمنز کرکٹ ایونٹ 17ستمبر سے شروع ہورہا ہے۔
پاکستان ۔ بھارت ۔ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں آئی سی سی کی مکمل ممبر ہونے کی وجہ سے کوارٹرفائنلز مرحلے سے ایونٹ کا آغاز کریں گی۔
اس سے قبل مئی میں ہونے والے چھ ٹیموں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ملائیشیا ۔ تھائی لینڈ اور چین نے کوالیفائی کیا تھا۔ جاپان میزبان ہونے کے سبب براہ راست شرکت کررہا ہے۔
17 ستمبر کو دو کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے۔
پہلا کوارٹر فائنل سری لنکا اور ملائشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔دوسرے کوارٹر فائنل میں بھارت کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔
18ستمبر کو کھیلے جانے والے تیسرے کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش کا مقابلہ چین سے ہوگا جبکہ چوتھا کوارٹرفائنل پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
20 ستمبر کو دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ اور گولڈ میڈل کے لیے فیصلہ کن میچ 22 ستمبر کو ہوگا۔
یہ چوتھا موقع ہے کہ ویمنز کرکٹ کو ایشین گیمز میں شامل کیا گیا ہے اس سے قبل 2010 ۔ 2014 اور 2022میں ویمنز کرکٹ ایونٹ ایشین گیمز میں شامل تھے۔
پاکستان ویمنز ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ 2010 اور 2014میں ایشین گیمز کرکٹ میں گولڈ میڈل جیت چکی ہے۔ دونوں مرتبہ اس نے فائنل میں بنگلہ دیش کو بالترتیب 10 وکٹوں سے اور 4 رنز سے ہرایا تھا تاہم دونوں مرتبہ بھارتی ٹیم شریک نہیں تھی۔
بھارتی ویمنز ٹیم نے 2022 میں سری لنکا کو19 رنز سے ہراکر گولڈ میڈل جیتا تھا۔ اس ایونٹ میں پاکستان کو سیمی فائنل میں سری لنکا کے خلاف 6 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی اور پھر تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرادیا تھا۔
پاکستان ویمنز ٹیم کو ایشین گیمز سے قبل بڑا دھچکہ منیبہ علی کی غیرحاضری کی صورت میں پہنچا ہے جو اپنی والدہ کی بیماری کے سبب ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔
پاکستان ٹیم کی اس سال مجموعی کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے ۔ ایشین گیمز سے قبل وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیل چکی ہے۔ ورلڈ کپ میں وہ پانچ میں سے صرف ایک میچ جیتی تھی۔ ایشیا کپ میں اس نے تھائی لینڈ کو 35 رنز سے اور ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دی تھی جبکہ بھارت کے خلاف اسے 7وکٹوں سے اور پھر سیمی فائنل میں سری لنکا کے خلاف 4 وکٹوں سے شکست کا سامناکرنا پڑا تھا۔
بھارت کے خلاف پاکستان ویمنز ٹیم اپنی تاریخ کے سب سے کم اسکور 55 پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
اس سال پاکستان ویمنز ٹیم سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی دو ایک سے ہاری ہے اس کے علاوہ وہ آئرلینڈ میں سہ فریقی سیریز بھی کھیلی تھی لیکن اسے دونوں مکمل میچوں میں آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کےخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔



Leave a Reply