پاکستان کی جیت کا سلسلہ سری لنکا کے ہاتھوں ختم ، صرف 110 رنز پر آؤٹ
سہ فریقی ون ڈے سیریز میں پاکستان کی کامیابیوں کا سلسلہ بالآخر سری لنکا کے ہاتھوں ختم ہوگیا۔
لیفٹ آرم فاسٹ بولر دلشن مادھوشناکا کی کریئر بیسٹ 34 رنز کے عوض5 وکٹوں کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کو صرف 110 رنز پر آؤٹ کردیا اور سری لنکا نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی ۔اس نتیجے نے انگلینڈ کے فائنل کھیلنے کی رہی سہی ُامید بھی ختم کردی اور اب فائنل 31 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم 29 اکتوبر کو رسمی کارروائی کے طور پر اپنا آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔
سری لنکا نے پاکستان کو لگاتار پانچ ون ڈے انٹرنیشنل ہارنے کے بعد پہلی شکست سے دوچار کیا ہے ۔
منگل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی۔
ٹاس کے معاملے میں کوسال مینڈس نے کیا خوب قسمت پائی ہے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچوں میں ٹاس جیتے اور اب اس ون ڈے سیریز میں بھی وہ تینوں میچوں میں ٹاس جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
پاکستان ٹیم دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔ آؤٹ آف فارم صائم ایوب کی جگہ معاذ صداقت اور رضاء اللہ کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ سری لنکا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔
پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 25.3 اوورز میں صرف 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا نے جواب میں 18.1 اوورز میں دو وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
سری لنکا کی بولنگ مکمل طور پر پاکستان کی بیٹنگ پر حاوی رہی جس کی وجہ سے نہ کوئی بڑی پارٹنرشپ قائم ہوسکی اور نہ ہی اسکور بورڈ پر بڑا اسکور نظر آسکا۔
فخرزمان کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور وہ صرف 5 رنز بناکر مادوشناکا کی گیند پر رتنائیکے کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
معاذ صداقت ون ڈے انٹرنیشنل میں 8 رنز کی ایک اور مختصر ناکام اننگز کھیل کرفرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
سعد بیگ کا اس مرتبہ کریز پر قیام بہت مختصر رہا اور وہ صرف 5 رنز بناکر مادوشناکا کی گیند پر لیاناگے کو کیچ دے گئے۔
پاکستان نے 46رنز پر تین وکٹیں پاور پلے میں ہی گنوادیں لیکن پاکستان کے لیے مشکل کی گھڑی وہ تھی جب لگاتار گیندوں پر سلمان علی آغا اور بابراعظم کی وکٹیں گریں۔
13 ویں اوور کی آخری گیند پر سلمان علی آغا9 رنز بناکر اراچیگے کی گیند پر کوسال مینڈس کو کیچ دے گئے اور 14 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر ایشان مالنگا نے بابراعظم کو ایل بی ڈبلیو کردیا جنہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 29 رنزاسکور کیے۔ایک اچھے آغاز کے بعد وہ دوبارہ اپنی اننگز کو بڑے اسکور میں تبدیل نہ کرسکے لیکن یہی 29 رنز پاکستان کی اننگز میں سب سے بڑا اسکور بھی رہا۔
انگلینڈ کے خلاف سنچری بنانے والے شاداب خان صرف 2 رنز پر اراچیگے کی گیند پر کوسال مینڈس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
حسن نواز ( 17 ) اور عرفات منہاس ( 10 ) بھی ٹیم کو اس پریشر سے نہ نکال سکے۔
مادوشناکا نے کریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے 34 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ان کی بہترین بولنگ 80 رنز کے عوض 5 وکٹ 2023 میں بھارت کےخلاف ممبئی میں تھی۔
اوپنرز کامندو مینڈس اور اوشکا فرنینڈو نے 50 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ سے سری لنکا کی جیت کو آسان کردیا۔
شاہین آفریدی نے فرنینڈو کو 16 رنز پر آؤٹ کیا۔عرفات منہاس نے 8 رنز پر کوسال مینڈس کی وکٹ حاصل کی لیکن کامندو مینڈس کی8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز نے رتنائیکے کے 23 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ملکر سری لنکا کو منزل تک پہنچادیا۔ان دونوں کی ناقابل شکست شراکت میں 52رنز بنے۔



Leave a Reply