ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : پاکستان کو وارم اپ میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست
ڈربی ۔ پاکستان ویمنز ٹیم کو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں اپنے پہلے وارم اپ میچ میں سری لنکا ویمنز کے خلاف 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس میچ کی خاص بات سری لنکن کپتان چامری اتھاپتھو کی جارحانہ بیٹنگ تھی۔ وہ صرف 6 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکیں۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ سے قبل آئرلینڈ میں میزبان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سہ فریقی سیریز بھی کھیلی تھی جس میں وہ آخری نمبر پر رہی ۔ اسے دو میچوں میں شکست ہوئی جبکہ دو میچز بارش کی نذر ہوگئے تھے۔
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
سری لنکا نے 169 رنز کا ہدف کسی دشواری کے بغیر 18.3 اوورز میں کسی نقصان کے بغیر ہی حاصل کرلیا۔
پاکستان کی اننگز میں اوپنرز گل فیروزہ اور منیبہ علی نے صرف 6.4 اوورز میں 60 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔منیبہ علی نے 5 چوکوں کی مدد سے 36 رنز اسکور کیے۔ گل فیروزہ نے 3 چوکوں کی مدد سے 26 رنز کی اننگز کھیلی ۔
ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بیٹنگ ناکام ہوگئی۔ عائشہ ظفر 10۔ سائرہ جبین 12 نتالیہ پرویز 2 اور ایمان فاطمہ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
کپتان فاطمہ ثنا اور عالیہ ریاض کی وجہ سے ٹیم 168 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوسکی۔ فاطمہ ثنا نے ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 37 رنز اسکور کیے۔عالیہ ریاض نے22 رنز بنائے جس میں 3چوکے شامل تھے۔
سری لنکا کی طرف سے چیتھانا ویموکتھی نے 31 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کا آغاز جارحانہ رہا ۔ کپتان چامری اتھاپتھو اور وشمی گونارتنے نے صرف 17.2 اوورز میں160 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کرڈالی۔
اتھاپتھو 58گیندوں پر5 چھکوں اور9 چوکوں کی مدد سے 94 رنز بناکر فاطمہ ثنا کی گیند پر نتالیہ پرویز کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں ۔
گونا رتنے نے 50گیندوں پر 63 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں 3چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
پاکستان ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ 9 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف ڈربی میں کھیلے گی۔
پاکستان ٹیم ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا سفر 14 جون کو بھارت کے خلاف ایجبسٹن میں شروع کرے گی۔



Leave a Reply