تیسرا ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی : جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 52 رنز سے ہرادیا
کراچی۔ جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 نے پاکستان ویمنز انڈر 19 کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 52 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل کرلی۔
پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پاکستان نے دوسرا میچ 47 رنز سے جیتا تھا۔
چوتھا میچ 22 جولائی کو اور پانچواں اور آخری میچ 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے جو اس سیریز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے ۔
جواب میں پاکستان ٹیم 18 اوورز میں 106 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم پاور پلے میں ہی 36 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی۔اس موقع پر کپتان میکا فن فورسٹ نے 9 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی جو اس سیریز میں جنوبی افریقہ کی طرف سے پہلی نصف سنچری بھی ہے۔ انہوں نے کرس مری بیزی ڈینوٹ کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز کا اضافہ کیا۔
کرس مری بیزی ڈینوٹ نے ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔
ڈینیلی بیشوف نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 3 چھکوں اور2 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئیں۔ انہوں نے اپنی کپتان کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں قیمتی 76 رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستان کی طرف سے ماہم نزاکت نے 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 28 رنز پر آؤٹ ہوکر ڈگ آؤٹ میں واپس جاچکی تھی۔
شہربانو 2 چھکے اور5 چوکوں کی مدد سے39 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں
عریشہ احسان نے 17 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے رسپیکٹ مباسا ، مایا لالر اور ملیسیا فن ڈر مروو نے بالترتیب 9 ۔ 14 اور20 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کی کپتان میکا فن فورسٹ نصف سنچری اور تین کیچز کی بدولت پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔



Leave a Reply