شان ٹیٹ خاموشی سے پاکستان کے فاسٹ بولنگ کوچ مقرر
شان ٹیٹ کو دوسری مرتبہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے اور وہ جمعہ کوسری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ٹیٹ اس سے قبل 23-2022 میں بھی پاکستان کے فاسٹ بولنگ کوچ رہ چکے ہیں جس کے بعد وہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک ہوگئے تھے۔ وہ ایشلے نوفکے کی جگہ لیں گے جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سیٹ اَپ سے الگ ہو کر نیدرلینڈز کے ہیڈ کوچ بن گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیٹ کی تقرری کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ اس کے بجائے انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف پاکستان کی آئندہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم مینجمنٹ کی فہرست میں سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کا نام شامل کیا گیا ہے۔ سہ فریقی سیریز اٹھارہ اکتوبر سے شروع ہوگی۔
ٹیٹ کے معاہدے کی مدت ظاہر نہیں کی گئی تاہم توقع ہے کہ نوفکے کی روانگی کے بعد وہ تمام فارمیٹس میں پاکستان کے فاسٹ بولنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
نوفکے ابتدائی طور پر پاکستان کے وائٹ بال بولنگ کوچ تھے لیکن لارڈز ٹیسٹ کے بعد عمر گل کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد انہوں نے عبوری ریڈ بال کوچ کی ذمہ داری بھی سنبھال لی تھی۔
شان ٹیٹ نے 2005 سے 2016 کے درمیان آسٹریلیا کی جانب سے تین ٹیسٹ، 35 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ اپنے کھیل کے دنوں میں اپنی انتہائی تیز رفتار بولنگ کے لیے مشہور ٹیٹ 2007 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔



Leave a Reply