محمد شہزاد کا پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ
پی ٹی وی کے محمد شہزاد فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے کم گیندوں پر سنچری بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔
جمعرات کو پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے تیسرے راؤنڈ کے پہلے دن محمد شہزاد نے کنگز مین اکیڈمی کے خلاف صرف 49 گیندوں پر سنچری اسکور کرلی۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ مصباح الحق کا تھا جنہوں نے 15-2014 میں پاکستان کی طرف سے آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں 56 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی جبکہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں حسن علی نے21-2020 میں سینٹرل پنجاب کی طرف سے خیبر پختونخوا کے خلاف 58 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے تقریباً تمام ہی قابل ذ کر کھلاڑی پریذیڈنٹ ٹرافی کے تیسرے راؤنڈ میں حصہ لے رہے ہیں جن میں ٹیسٹ کپتان بابراعظم نمایاں ہیں جو 2019 کے بعد پہلی مرتبہ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ وہ اوجی ڈی سی کی نمائندگی کررہے ہیں ۔
ایجبسٹن ٹیسٹ میں جارحانہ بیٹنگ کرنے والے رضاء اللہ بھی اوجی ڈی سی ایل کاحصہ ہیں۔سعود شکیل کنگزمین۔ نسیم شاہ اور اویس ظفر ایس این جی پی ایل ۔علی عثمان پی ٹی وی ۔عبداللہ فضل اسٹیٹ بینک۔ عبید شاہ غنی گلاس اور عامرجمال ایم آئی ٹی سلیوشنز کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کنگز مین اکیڈمی نے ٹاس جیت کر پی ٹی وی کو بیٹنگ دی جس نے 7 وکٹوں پر 285 رنز بنائے تھے۔
محمد شہزاد نے 49گیندوں پر سنچری مکمل کرنے کے بعد مجموعی طور پر 62 گیندوں پر 114 رنز اسکور کیے جس میں 12 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
شرون سراج 53 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ محمد الیاس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں کے آر ایل نے اوجی ڈی سی ایل کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور جب کھیل کم روشنی کی وجہ سے وقت سے پہلے ختم کیا گیا تو اس نے 5 وکٹوں پر 203 رنز بنائے تھے ۔سرمد بھٹی 48 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک نے ٹاس جیت کر غنی گلاس کو بیٹنگ دی جس نے 6 وکٹوں پر 263 رنز بنائے تھے۔ علی رزاق 62 ناٹ آؤٹ طاہر بیگ 67 اور شرجیل خان 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں ایس این جی پی ایل نے ٹاس جیت کر ایم آئی ٹی سلیوشنز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 3 وکٹوں پر 258 رنز بنائے تھے۔عتیق الرحمن نے 17 چوکوں کی مدد سے 136 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔عود نقوی 65 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔دونوں چوتھی وکٹ کے لیے 218 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔



Leave a Reply