بابراعظم 4 رنز پر آؤٹ ، اسٹیٹ بینک اور کنگزمین کی جیت ، محمد الیاس کی 11 وکٹیں
بابراعظم کے لیے سات سال کے طویل انتظار کے بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میں واپسی مایوس کن ثابت ہوئی اور وہ اوجی ڈی سی ایل کی طرف سے کے آر ایل کے خلاف میچ کی دوسری اننگز میں صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
یاد رہے کہ پہلی اننگز میں انہوں نے12 رنز بنائے تھے۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کے تیسرے راؤنڈ کے میچوں کے چوتھے اور آخری دن اسٹیٹ بینک نے غنی گلاس کو اننگز اور 18 رنز سے شکست دیدی۔
کنگزمین نے پی ٹی وی کو 10 وکٹوں سے ہرادیا۔اس میچ کی خاص بات محمد الیاس کی میچ میں 11 وکٹوں کی شاندار کارکردگی تھی۔
ایم آئی ٹی سلیوشنز اور ایس این جی پی ایل کا میچ ڈرا ہوگیا اسی طرح اوجی ڈی سی ایل اور کے آر ایل کا میچ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا۔
نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں غنی گلاس کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے خلاف دوسری اننگز میں 298 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محسن ریاض نے 19 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے117 رنز اسکور کیے۔علی رزاق نے 49 رنز بنائے۔کاشف بھٹی اور سراج الدین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کنگز مین کو پی ٹی وی کے خلاف جیتنے کے لیے صرف 87 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔محمد طیب 44 اور محمد ہریرہ 40 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل پی ٹی وی کی ٹیم دوسری اننگز میں 299 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ محمد طحہ نے 69 اور شرون سراج نے 61 بنائے۔ محمد الیاس نے 57 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے پہلی اننگزمیں 129 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں کے آر ایل کو اوجی ڈی سی ایل کے خلاف جیتنے کے لیے 95 رنز کا ہدف ملا تھا کھیل ختم ہونے پر اس نے ایک وکٹ پر11 رنز بنائے تھے۔
اس سےقبل اوجی ڈی سی ایل کی ٹیم کے آر ایل کے خلاف فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں 275 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔بابراعظم 15 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صرف 4 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ روحیل نذیر نے 72 اور وقار احمد نے 60 رنز اسکور کیے۔ارشد اقبال نے تین وکٹیں حاصل کیں
عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں ایس این جی پی ایل کو ایم آئی ٹی سلیوشنز کے خلاف جیتنے کے لیے 394 رنز کا ہدف ملا تھا ۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے ایک وکٹ پر 163 رنز بنائے تھے۔
اذان اویس نے11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔سمیر منہاس نے 75 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے شامل تھے۔ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 163 رنز کا اضافہ کیا۔
اس سے قبل ایم آئی ٹی نے دوسری اننگز 192 رنز7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔سلمان خان نے52 رنز اسکور کیے۔



Leave a Reply