پاکستان ویمنز کو سری لنکا ویمنز کے خلاف 4 رنز سے شکست، نشرہ سندھو کی 100 وکٹیں مکمل
پاکستان ویمنز کو آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں سپر6 مرحلے کے اپنے تیسرے میچ میں سری لنکا ویمنز کے خلاف 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کو سپر مرحلے کے پہلے میچ میں آئرلینڈ کے خلاف 9 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ اس نے دوسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 9 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
سری لنکا ویمنز نے سپر 6 مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور فائنل میں جگہ بنالی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔
جواب میں پاکستان ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 136 رنز بناسکی۔
سری لنکا کی اننگز میں ایمیشا دولانی نے 38 گیندوں پر 5 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے۔
وشمی گونارتنے نے 30 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔سنجنا کاوندی 16 اور نلکشیکا سلوا 13 رنز بنانے میں کامیاب ہوئیں۔
آف اسپنر ام ہانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 17 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس ٹورنامنٹ میں انہوں نے مجموعی طور پر7 وکٹیں حاصل کیں۔
لیفٹ آرم اسپنر نشرہ سندھو نے ایمیشا دولانی کو بولڈ کرکے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 100 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والی پاکستان کی دوسری خاتون بولر ہیں ۔ان سے قبل ندا ڈار نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سو یا زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔
نشرہ سندھو اور طوبی حسن نے اس ٹورنامنٹ میں آٹھ آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا۔ اننگز کی چوتھی ہی گیند پر گل فیروزہ بغیر کوئی رن بنائے سوگندیکا کماری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔
اگلے ہی اوور میں شوال ذوالفقار کو 4 رنز پرستھیا سندیپانی نے بولڈ کردیا۔
کپتان منیبہ علی غیرذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے صرف 7 رنز پر مدارا کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔
عائشہ ظفر 9 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں تو پاکستان ٹیم صرف 24رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی۔
ایمان فاطمہ کی غیرمستقل مزاج کارکردگی جاری رہی وہ صرف 10 رنز بناسکیں۔
عمیمہ سہیل کی 36 رنز کی اننگز بدقسمتی سے رن آؤٹ پر ختم ہوئی پاکستان کی یہ چھٹی وکٹ 84 رنز پر گری۔
طوبی حسن 24 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکیں۔
تسمیہ رباب نے پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکیں وہ 3 چھکوں کی مدد سے 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
سری لنکا کی طرف سے سب سے کامیاب بولر ستھیا سندیپانی رہیں جنہوں نے 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔کماری نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایمیشا دولانی پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔



Leave a Reply