پاکستان سپر لیگ کا12 واں ایڈیشن 18 مارچ سے2 مئی تک منعقد ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کا 12 واں ایڈیشن 18 مارچ سے2 مئی تک منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل فارمیٹ مسلسل دوسرے سال بھی برقرار رہے گا۔ گزشتہ سال لیگ میں آٹھ ٹیمیں شامل تھیں۔
براہ راست سائننگ ، ریٹینشن ، ٹریڈ ونڈو اور کھلاڑیوں کی نیلامی سے متعلق اعلانات بعد میں کیے جائیں گے۔
پی ایس ایل کی ونڈو کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ تمام فرنچائز مالکان کا یہ اجلاس گزشتہ ماہ لندن میں منعقد ہوا تھا۔
پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس کے بعد یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ایونٹ کے براڈکاسٹر نے اگلے سال لیگ کے انعقاد کے لیے وقت پہلے کرنے کی تجویز دی ۔ اس کی وجہ اپریل اور مئی کے دوران اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں کمی کا خدشہ ہے کیونکہ رمضان کے بعد کمپنیوں کے مارکیٹنگ بجٹ بڑی حد تک پہلے ہی خرچ ہو چکے ہوتے ہیں۔
تاہم فرنچائز مالکان نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ انہیں براڈکاسٹ آمدنی میں اپنا مکمل حصہ نہیں مل رہا۔ آٹھوں ٹیمیں مجموعی طور پر مرکزی ریونیو پول سے حاصل ہونے والی براڈکاسٹ آمدنی کے 95 فیصد کی حقدار ہیں۔ تاہم یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ آیا پی سی بی نے فرنچائزز کا مکمل حصہ انہیں ادا کر دیا ہے یا نہیں ؟۔
یاد رہے کہ 2026 کے سیزن میں ٹیموں کی تعداد بڑھاکر آٹھ کی گئی تھی اور ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن ( نیلامی ) کا طریقہ اپنایا گیا تھا۔
پی ایس ایل 2027 میں پشاور زلمی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ اس نے فائنل میں پہلی بار پی ایس ایل میں حصہ لنے والی حیدرآباد کنگز مین کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ یہ اس کا 2017 کے بعد پہلا ٹائٹل تھا۔اس ٹورنامنٹ کو حکومت کی کفایت شعاری مہم کے سبب لاہور اور کراچی تک محدود کردیا گیا تھا۔
پی ایس ایل 2027 میں 46 دنوں میں 44 میچز کھیلے جائیں گے۔اس بار توقع ہے کہ یہ میچز فیصل آباد ملتان اور راولپنڈی کے ساتھ ساتھ حیدرآباد میں بھی ہوں اگر نیاز اسٹیڈیم وقت پر تیار ہوجائے۔
پی ایس ایل میں شریک آٹھ ٹیمیں کراچی کنگز۔ پشاور زلمی۔ ملتان سلطانز۔ لاہور قلندرز۔ اسلام آباد یونائٹڈ۔ راولپنڈیز۔ حیدر آباد کنگزمین اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہیں۔



Leave a Reply