پی ایس ایل 11 میں بڑے نام شامل لیکن شائقین غائب
پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات کے روز دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ سے ہونے والا ہے۔ حیدرآباد کنگزمین اور راولپنڈیز کی ٹیمیں پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شامل ہوئی ہیں۔
خطے میں غیرمعمولی صورتحال کے پیش نظر یہ پی ایس ایل صرف دو شہروں لاہور اور کراچی تک محدود کردی گئی ہے اور شائقین کا اسٹیڈیمز میں داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔اس مرتبہ افتتاحی تقریب بھی منعقد نہیں ہوگی۔
پی ایس ایل میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے ۔ کراچی اور لاہور بائیس بائیس میچوں کی میزبانی کریں گے۔ فائنل 3 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
اس مرتبہ بھی پی ایس ایل میں متعدد بڑے نام موجود ہیں جن میں قابل ذکر آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ ہیں جو اس پی ایس ایل کے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں جنہیں ملتان سلطانز نے چودہ کروڑ روپے میں حاصل کیا ہے۔
آسٹریلیا ہی کے ایشٹن ٹرنر ملتان سلطانز ، ڈیوڈ وارنر کراچی کنگز اور مارنس لبوشین حیدرآباد کنگز مین کی قیادت کررہے ہیں۔ آسٹریلیا کے دیگر قابل ذکر کھلاڑیوں میں گلین میکسویل ایڈم زمپا اور عثمان خواجہ بھی شامل ہیں۔
کوچنگ اسٹاف میں بھی آسٹریلیا نمایاں نظر آرہا ہے۔ جیسن گلیسپی حیدرآباد کنگز مین کے ہیڈ کوچ ہیں جبکہ آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ مقرر کیے گئے ہیں۔ دیگر ٹیموں کے کوچز میں جنوبی افریقہ کے جسٹن کیمپ ( راولپنڈیز ) انگلینڈ کے روی بوپارا ( کراچی کنگز) ویسٹ انڈیز کے اوٹس گبسن ( پشاور زلمی ) نیوزی لینڈ کے لیوک رانکی ( اسلام آباد یونائٹڈ ) اور معین خان ( کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ) شامل ہیں۔
پی ایس ایل میں شریک دیگر قابل ذکر غیرملکی کرکٹرز میں انگلینڈ کے معین علی۔ سیم بلنگز۔ جنوبی افریقہ کے رائلے روسو۔ ریزا ہینڈرکس ۔تبریز شمسی نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل ۔ مارک چیپمین ۔ مائیکل بریسویل اور ڈیون کانوے اور سری لنکا کے کوسال پریرا اور کوسال مینڈس شامل ہیں۔



زمبابوے سے تعلق رکھنے والے سکندر رضا ایک بار پھر لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں شامل ہیں ۔سکندر رضانے گزشتہ سال پی ایس ایل کے فائنل میں قلندرز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ڈرامائی جیت سے ہمکنار کیا تھا۔
بنگلہ دیشی کھلاڑیوں میں سب سے اہم نام مستفیض الرحمن کا ہے جنہیں لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ مستفیض الرحمن آئی پی ایل میں شامل تھے لیکن کولکتہ گلیڈی ایٹرز نے انہیں ٹیم سے باہر کردیا تھا جس کے بعد بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کے تحت بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے میچز کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل کرلیا تھا۔
اگر ہم پاکستانی کرکٹرز پر نظر ڈالیں تو شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کے کپتان ہیں۔ شاداب خان اسلام آْباد یونائٹڈ کی کپتانی کررہے ہیں محمد رضوان کو راولپنڈیز نے کپتان مقرر کیا ہے۔ بابر اعظم پشاور زلمی کی قیادت کررہے ہیں سنبھالے ہوئے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سعود شکیل کو کپتان برقرار رکھا ہے۔
پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے مہنگے کھلاڑی صائم ایوب ہیں جو بارہ کروڑ روپے میں حیدرآباد کنگز مین میں شامل ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان غیرملکی کرکٹرز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے پی ایس ایل سے کنٹریکٹ کیے تھے لیکن آخری لمحات میں معاہدے توڑ کر آئی پی ایل میں شمولیت اختیار کرلی۔ ان کھلاڑیوں میں زمبابوے کے موزاربانی اور سری لنکا کے داسن شناکا شامل ہیں۔



Leave a Reply