پاکستان ویمنز ٹیم اپنے 200 ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے کم اسکور55 پر آؤٹ ،
ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم بھی کسی طرح مینز ٹیم سے پیچھے نہیں ہے۔ وہ اپنے 200 ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی تاریخ کے سب سے کم اسکور 55 پر آؤٹ ہوکر بھارت ویمنز کے خلاف 7 وکٹوں کی شکست سے دوچار ہوگئی ۔
اس سے قبل پاکستان ویمنز کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے کم اسکور 56 رنز تھا جو اس نے2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ہی میں بنایا تھا۔
بھارت کے خلاف یہ اس کی لگاتار پانچویں شکست ہے جبکہ مجموعی طور پر کھیلے گئے 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارت کی کامیابیاں 15 ہوگئ ہیں ۔ پاکستان صرف 3 میچز جیت سکا ہے۔
ہفتے کے روز دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستان ویمنز 18.1 اوورز میں صرف 55 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں بھارت ویمنز نے 56 رنز کا ہدف 8.4 اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پلیئر آف دی میچ لیفٹ آرم اسپنر شری چرانی نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا اس کے بعد پریما راوت نے بھی رہی سہی کسر پوری کردی۔
ایک موقع پر پاکستان کا اسکور بغیر کسی نقصان کے 27 رنز تھا لیکن صرف 8 رنز کے اضافے پر اس کی 6 وکٹیں گرگئیں ۔
پاکستان کی 10 وکٹیں صرف 28 رنز کے اضافے پر10 وکٹیں گریں۔
اپنا 99 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی منیبہ علی 13 رنز بناکر شفالی ورما کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔
شری چرانی نے اپنے ایک ہی اوور میں گل فیروزہ کو صفر اور شوال ذوالفقار کو 14 رنز پر آؤٹ کردیا۔
انہوں نے اپنے اگلے ہی اوور میں عائشہ ظفر کو بھی 2 رنز پر واپسی کا راستہ دکھادیا۔
پریما راوت نے 3 رنز بنانے والی صدف شمس کو بولڈ کیا اور پھر دیپتی شرما نے پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکہ کپتان فاطمہ ثنا کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کرکے پہنچایا۔
پاکستان کی اننگز میں صرف منیبہ علی اور شوال ذوالفقار ہی دس کا ہندسہ عبور کرسکیں۔
شری چناری نے 7 اور پریما راوت نے 9 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔دیپتی شرما نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کی اننگز میں فاطمہ ثنا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے شفالی ورما۔ سمرتی مندھانا اور پراتیکا راول کی وکٹیں حاصل کرڈالیں لیکن انتہائی کم ہدف ہونے کے سبب بھارت کو کامیابی سے روکنا ممکن نہ تھا۔
بحیثیت کپتان اپنا 150 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی ہرمن پریت کور18 اور دیپتی شرما12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
بھارتی ٹیم تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کو شکست دے کر پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہے جبکہ پاکستان ٹیم کو اپنا آخری گروپ میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلنا ہے ۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اسے ہانگ کانگ کو شکست دینی ہوگی۔ میچ برابر کی صورت میں بھی پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی البتہ شکست کی صورت میں اس کے ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ کے پوائنٹس برابر ہوجائیں گے اور فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔
Pakistan Women's Team Mentor Wahab Riaz Press Conference | ACC Women's Asia Cup 2026#PAKvIND | #AsiaCup | #BackOurGirls pic.twitter.com/QJkd0q0QZM
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) September 5, 2026



Leave a Reply