بولنگ کوچ ایشلے نوفکے پاکستان چھوڑ کر نیدر لینڈز ٹیم میں شامل
پاکستان کے بولنگ کوچ ایشلے نوفکے قومی ٹیم کے بیک روم اسٹاف سے الگ ہونے والے تازہ ترین رکن بن گئے ہیں۔ نوفکے ایشین گیمز کے بعد نیدرلینڈز کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس تقرری کا اعلان رائل ڈچ کرکٹ ایسوسی ایشن (KNCB) نے کیا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
کے این سی بی نے نوفکے کے حوالے سے کہا ہے ״میں ڈچ مردوں کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرجوش ہوں، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مستقل طور پر جگہ بناتی رہی ہے۔ یہ ایک باصلاحیت اور پُرعزم گروپ ہے، اور میرا مقصد اس کی ترقی کو جاری رکھنا اور پروگرام کو مزید آگے لے جانا ہے۔ میرا طریقۂ کار حکمتِ عملی یا منصوبے سے پہلے باہمی تعلق اور ہم آہنگی قائم کرنے پر مبنی ہے۔ میں کام شروع کرنے کا بے صبری سے منتظر ہوں״۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ نوفکے نے اپنے بیان میں نہ تو پی سی بی کا شکریہ ادا کیا اور نہ ہی پاکستان کے ساتھ اپنے دورِ کار کا ذکر کیا ہے۔ ان کا پاکستان ٹیم کے ساتھ دور مئی 2025 میں شروع ہوا تھا۔ ان کے دور میں پاکستان نے اے سی سی ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل کھیلا اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی حاصل کی۔
نوفکے حالیہ عرصے میں ٹیم مینجمنٹ سے الگ ہونے والے کئی ارکان کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ ان سے قبل فیلڈنگ کوچ شین میک ڈرمٹ، بیٹنگ کوچ حنیف ملک اور فزیوتھراپسٹ کلف ڈیکن بھی ٹیم سے علیحدہ ہو چکے ہیں۔ نوفکے کو اس سے قبل عبوری ریڈ بال بولنگ کوچ بھی مقرر کیا گیا تھا، جب پی سی بی نے عمر گل کو ہیڈ کوچ سرفراز احمد کے ساتھ عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
49 سالہ سابق آسٹریلوی انٹرنیشنل کرکٹر نوفکے نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار کیریئر بنایا۔ انہوں نے کوئنز لینڈ، ویسٹرن آسٹریلیا اور انگلینڈ کی چار کاؤنٹی ٹیموں ڈرہم، مڈل سیکس، گلوسٹر شائر اور ووسٹر شائر کی نمائندگی کی۔ وہ 2008 میں افتتاحی آئی پی ایل میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے بھی کھیلے تھے۔
اپنے کریئر کے دوران نوفکے نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 3,766 رنز بنائے اور 386 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ان صرف تین آسٹریلوی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے ایک ڈومیسٹک سیزن میں 500 رنز اور 50 وکٹوں کا منفرد ڈبل مکمل کیا۔



Leave a Reply