پاکستان نے جنوبی افریقہ کو6 وکٹوں سے ہرادیا، سیریز دو دو سے برابر
کراچی۔ پاکستان ویمنز انڈر 19 نے جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز دو دو سے برابر کردی۔
پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی ۔پاکستان نے دوسرا میچ 47 رنز سے جیتا تھا جبکہ جنوبی افریقہ نے تیسرے میچ میں 52 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 109 رنز بنائے۔
جواب میں پاکستان ٹیم 19.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
جنوبی افریقہ کی اننگز میں شریا سبایا چار چوکوں کی مدد سے 30 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ڈیرڈی فن رینسبرگ نے 23 رنز اسکور کیے جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔ کرس میری بیزی ڈینوٹ 2 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔۔ کپتان میکا فن فورسٹ 14 رنز بناسکیں۔
پاکستان کی طرف سے ماہ نور زیب اور روزینہ اکرم نے بالترتیب 18 اور 21 رنز دے کردو دو وکٹیں حاصل کیں۔شہربانو ۔ ماہ نور اور ذوفشاں ایاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز میں کپتان فضا فیاض نے4 چوکوں کی مدد سے28 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں ۔ انہوں نے ذوفشاں ایاز کے ساتھ پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 70 رنز کا اضافہ کیا۔ ذوفشاں نے 44 رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے۔اس کارکردگی پر وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
راویل فرحان نے 18 اور کومل خان نے 15 رنز کی اننگز کھیلی ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 35 رنز کا اضافہ کیا۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے رسپیکٹ مباسا نے 25 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔



Leave a Reply