یوتھ ٹیسٹ: پاکستان انڈر 19 کے 6 وکٹوں پر 257 رنز ، میزبان ٹیم کے برٹی مائیکل کی سنچری
پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ انڈر 19 کےخلاف چار روزہ یوتھ ٹیسٹ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 257 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل انگلینڈ انڈر 19 پہلی اننگز میں 333 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس میں برٹی مائیکل کی سنچری نمایاں تھی۔
اس طرح پاکستان انڈر 19 میزبان ٹیم کے اسکور سے اب بھی 76 رنز پیچھے ہے اور اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔
پاکستان انڈر 19 کی اننگز میں عثمان خان اور علیان سلمان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 56رنز کا اضافہ کیا۔ عثمان خان 5 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔علیان سلمان نے بھی 4 چوکوں کی مدد سے 28 رنزکی اننگز کھیلی۔
عبدالقادر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 66 رنز بنائے جس میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔انہوں نے احمد حسین کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔احمد حسین 35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
حمزہ ظہور26 اور کپتان فرحان یوسف نے 21 رنز بنائے۔
کھیل ختم ہوا تو حسنین عباس ڈار 25 اور محمد صیام 11 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
دونوں ساتویں وکٹ کی شراکت میں 39 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔
لمسڈین نے 44 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔کپتان رالفی البرٹ 43 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل آرنڈل کاسل کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ انڈر 19نےاپنی پہلی اننگز 264 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی ۔برٹی مائیکل جو گزشتہ روز 98 پر ناٹ آؤٹ تھے سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ وہ 21 چوکوں کی مدد سے 131 رنز بناکر احمدحسین کی گیند پر حمزہ ظہور کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے۔
مائیکل اور لیوک ہینڈز نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 51 رنز کا اضافہ کیا۔ہینڈز نے 22 رنز اسکور کیے۔
پاکستان انڈر 19 کی طرف سے فاسٹ بولر رضوان اللہ نے 63 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔احمد حسین ۔ محمد صیام اور عبدالسبحان نے بالترتیب 20 ۔ 60۔ اور 82 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان انڈر19 ٹیم اس یوتھ ٹیسٹ کے بعد انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف چار ون ڈے میچز بھی کھیلے گی جو 9 ۔12 ۔14 اور 16 ستمبرکو کھیلے جائیں گے۔



Leave a Reply