صدف اور گل فیروزہ کی سنچریاں، پاکستان ویمنز کی ریکارڈ جیت
کراچی ۔ صدف شمس اور گل فیروزہ کی پہلی ون ڈے سنچریوں اور دونوں کے درمیان ایک اور اوپننگ سنچری پارٹنرشپ کے نتیجے میں پاکستان ویمنز نے زمبابوے ویمنز کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 206 رنز سے شکست دے دی جو رنز کے اعتبار سے اس کی ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سےبڑی جیت بھی ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ 193 رنز کا تھا جب نومبر 2011 میں پاکستان نے ہالینڈ کو شکست دی تھی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں بدھ کے روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 50 اوورز میں 4 وکٹوں پر 343 رنز بنائے جو ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔اس کا سب سے بڑا اسکور 345 رنز ہے جو اس نے اسی سال فروری میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں بنایا تھا۔
جواب میں زمبابوے ویمنز 39 اوورز میں صرف 137رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان ویمنز کی اوپنرز صدف شمس اور گل فیروزہ نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 189 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی جو ویمنز ون ڈے میں پاکستان کی کسی بھی وکٹ کی دوسری سب سےبڑی پارٹنرشپ ہے۔سب سے بڑی پارٹنرشپ 221 رنز کی ہے۔
دونوں ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی بار سنچریاں بنانے میں بھی کامیاب رہیں۔
صدف شمس نے ایک چھکے اور دس چوکوں کی مدد سے 101 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی پچاس سے زیادہ کی لگاتار چوتھی اننگز ہے۔ اس سے قبل وہ 61۔ 97 اور 98 رنز کی اننگز کھیل چکی تھیں۔
گل فیروزہ جنہوں نے پچھلے میچ میں اپنی پہلی نصف سنچری اسکور کی تھی اس مرتبہ 13 چوکوں کی مدد سے 100 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوگئیں۔
سدرہ امین نے اپنے مخصوص انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 58گیندوں پر59 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی پچاس یا زائد رنز کی 22 ویں اننگز تھی اس طرح وہ بسمہ معروف کی 22 نصف سنچریوں سے آگے نکل گئیں تاہم بسمہ اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کریئر میں کوئی سنچری اسکور نہیں کرپائی تھیں۔
عالیہ ریاض نے پانچ چوکوں کی مدد سے 27 کپتان فاطمہ ثنا نے ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 25 اور عائشہ ظفر نے تین چوکوں کی مدد سے 18 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔
زمبابوے ویمنز کی غیرمتاثرکن فیلڈنگ کے بعد بیٹنگ بھی مایوس کن رہی اور کسی بھی مرحلے پر وہ میچ میں اپنی موجودگی نہ بتا پائی۔ سب سے بڑی پارٹنرشپ 57 رنز کی کیلس این لووو ( 32) اور بیلووڈ بیزا (29 ) کے درمیان رہی۔
رونیارارو پاسی پنودیا 33 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔
فاطمہ ثنا نے 15 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔رامین شمیم۔ مومنہ ریاست ۔ عروب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ پاکستان ویمنز نے پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 168 رنز سے جیتا تھا۔ تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 9 مئی کو کھیلا جائے گا۔



Leave a Reply