اذان اویس اور بابراعظم کی ویسٹ انڈیز سلیکٹ الیون کے خلاف سنچریاں
تاروبا ( ٹرینیڈاڈ ) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز سلیکٹ الیون کے خلاف دورے کے چار روزہ وارم میچ کے دوسرے دن پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 455 رنز بنائے تھے۔
دوسرے دن کے کھیل کی خاص بات اذان اویس اور کپتان بابراعظم کی سنچریاں تھیں۔
بارش کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا۔یاد رہے کہ پہلے روز بھی میچ بارش کی وجہ سے وقت سے پہلے ختم کردینا پڑا تھا۔
برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں اذان اویس نے 78 اور کپتان بابراعظم نے14 رنز کے ساتھ 184 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی۔ اذان اویس 241گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 100 رنز بناکر ریٹائرڈ ناٹ آؤٹ ہوگئے۔ اس اننگز میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے۔
انہوں نے کپتان بابراعظم کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں100 رنز کا اضافہ کیا۔ بابراعظم نے 151 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 100 رنز کی اننگز کھیلی ان میں سے 4 چوکے انہوں نے رائن بانڈو کے ایک ہی اوور میں لگائے تھے۔ وہ بھی سنچری مکمل کرکے ریٹائرڈ ناٹ آؤٹ ہوگئے۔
بابراعظم اور عبداللہ فضل کی شراکت میں 79 رنز بنے۔ عبداللہ فضل نے6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔سلمان علی آغا 2چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان 44 اور عامر جمال 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک تاروبا میں کھیلا جائے گی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 2 سے 6 اگست تک پورٹ آف اسپین میں ہوگا۔



Leave a Reply