وارم اپ میچ ڈرا ۔ محمد علی کی پانچ وکٹیں
تاروبا ( ٹرینیڈاڈ ) پاکستان اور ویسٹ انڈیز سلیکٹ الیون کے درمیان چار روزہ میچ ڈرا ہوگیا تاہم پاکستان کے بیٹرز اور بولرز کو اس میچ سے کافی پریکٹس مل گئی ۔
میچ کے آخری دن کے کھیل کی خاص بات فاسٹ بولر محمد علی کی پانچ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اب 25 جولائی سے ویسٹ انڈیز کے خلاف اسی گراؤنڈ میں پہلے ٹیسٹ میں مدمقابل ہوگی۔
وارم میچ کے چوتھے اور آخری دن جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر219 رنز بنائے تھے۔
محمد رضوان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ محمد رضوان 4 رنز بناکر فلپ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ امام الحق دوسری اننگز میں بھی بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور 14 رنز بناکر اوجے شیلڈز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ پہلی اننگز میں وہ صرف 10 رنز بناسکے تھے۔
سلمان علی آغا نے 14 جبکہ علی عثمان نے چھ چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔
پاکستان ٹیم میں پہلی بار شامل ہونے والے اویس ظفرنے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔
عبداللہ فضل نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز سلیکٹ الیون گزشتہ روز کے اسکور میں 11 رنز کا اضافہ کرکے 279 رنز پر آؤٹ ہوگئی اسطرح پاکستان کو 176 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ جیڈ گولی 47 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ جومیل واریکن 31 اور شیلڈز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ دونوں وکٹیں محمد علی نے حاصل کیں اسطرح انہوں نے 37 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ عامر جمال اور علی عثمان نے بالترتیب 33 اور 62 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔



Leave a Reply