اپی ایس ایل 11 : پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو 4 وکٹوں سے ہرادیا
کراچی : پاکستان سپر لیگ 11 کے کراچی مرحلے کے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
یہ پشاور زلمی کی تین میچوں میں دوسری کامیابی ہے۔ حیدرآباد کنگزمین ابتک اپنے چاروں میچز ہارچکی ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کو بیٹنگ دی جو 18 اعشاریہ 2 اوورز میں 145رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پشاور زلمی نے مطلوبہ اسکور 20اوورز میں چھ وکٹوں پر پورا کرلیا۔
حیدرآباد کنگز مین کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ صرف 34 رنز پر اس کی 4 وکٹیں گرچکی تھیں اور ان چاروں کو افتخار احمد نے آؤٹ کیا تھا۔
معاذ صداقت تین چوکوں کی مدد سے 17 رنز بناکر افتخار احمد کے پہلے اوور میں آؤٹ ہوئے ۔افتخار احمد نے اپنے اگلے ہی اوور میں صائم ایوب ( 14 ) عثمان خان ( صفر ) اور شرجیل خان ( 2 ) کو بھی واپسی کی راہ دکھادی۔
کپتان مارنس لبوشین اور کوسال پریرا نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 82 رنز کا اضافہ کیا۔ سفیان مقیم نے یہ پارٹنرشپ مارنس لبوشین کو 27 رنز پر آؤٹ کرکے ختم کی۔ اس ٹورنامنٹ میں یہ لبوشین کا سب سے بڑا اسکور ہے۔چار اننگز میں وہ صرف84 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔
سفیان مقیم نے اپنے آخری اوور میں تین وکٹیں حاصل کرڈالیں ۔ انہوں نےعرفان خان ( 9 ) کو بابراعظم کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کوسال پریرا 5چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے58 رنز بناکر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے اور پھر اگلی ہی گیند پر سفیان مقیم نے مہیش ٹیکشانا کی وکٹ بھی حاصل کرڈالی۔
سفیان مقیم نے 32رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
افتخار احمد نے صرف 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی ٹی ٹوئنٹی میں بہترین انفرادی بولنگ ہے۔اس سے قبل ان کی بہترین بولنگ 5 رنز دے کر 3 وکٹ تھی۔
پشاور زلمی کی اننگز میں محمد حارث 11 رنز بناکر دوسرے ہی اوور میں ٹیکشانا کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ بابراعظم اور کوسال مینڈس دوسری وکٹ کی شراکت میں 49 رنز کا اضافہ کرپائے۔
کوسال مینڈس دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بناکر صائم ایوب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
مائیکل بریسویل بابراعظم کے ساتھ 38 رنز کی شراکت قائم کرکے صائم ایوب کی دوسری وکٹ بنے۔انہوں نے 25 رنز اسکور کیے۔
بابراعظم 37 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بناکر حسان خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ۔اسوقت پشاور زلمی جیت سے صرف 30 رنز کی دوری پر تھی۔فرحان یوسف 15 رنز بناکر محمد علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو اسکور 125 رنز تھا۔
پشاور زلمی کی چھٹی وکٹ بھی 125 رنز پر گری جب عبدالصمد صرف ایک رن بناکر حنین شاہ کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
زلمی کو آخری اوور میں جیت کے لیے 14رنز درکار تھے جبکہ آخری گیند پر ایک رن بنانا تھا۔
افتخار احمد اور عامر جمال مزید کسی نقصان کے زلمی کو جیت سے ہمکنار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ افتخار احمد نے 10 گیندوں پر 15 رنز اسکور کیے جس میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔ عامرجمال 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
افتخار احمد پلیئرآف دی میچ قرار پائے۔
جمعرات کے روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔



Leave a Reply