پی ایس ایل 11 : اسلام آباد یونائٹڈ اور پشاور زلمی کی کامیابی
کراچی : پاکستان سپر لیگ 11 میں جمعرات کے روز کھیلے گئے میچوں میں اسلام آباد یونائٹڈ نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
یہ اسلام آباد یونائٹڈ کی پانچ میچوں میں تیسری کامیابی ہے اور اب اس کے 7 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔
پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف میچ 159 رنز سے جیتا جو پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم کی رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی کامیابی ہے۔
یہ پشاور کی تیسری کامیابی ہے۔اس جیت کے بعد اس کے بھی 7پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ کراچی کنگز کی اس ٹورنامنٹ میں یہ پہلی شکست ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ دی جو 18 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 100 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا سب سے کم اسکور بھی ہے۔
اس سے قبل اس میدان میں پی ایس ایل کا سب سے کم اسکور 101رنز تھا جو2023 میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کے خلاف بنایا تھا۔
جواب میں اسلام آباد یونائٹڈ نے ہدف 10 اعشاریہ 2اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
لاہور قلندرز کی بیٹنگ مکمل طور پر یونائٹڈ کے اسپنرز کے رحم و کرم پر رہی۔ شاداب خان عماد وسیم اور کرس گرین کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں کوئی بھی بیٹرز قابل ذکر پرفارمنس دینے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
یہ مشکلات پہلے ہی اوور سے شروع ہوگئی تھیں جب محمد نعیم بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جنہوں نے دوسری وکٹ عبداللہ شفیق کو 10 رنز پر آؤٹ کرکے حاصل کی۔
41کے مجموعی اسکور پر حسیب اللہ ( 19 ) اور رابن ہرمین ( 4 ) کی وکٹیں بھی گریں جنہیں کرس گرین اور شاداب خان نے آؤٹ کیا۔
سکندر رضا ( 25 ) آصف علی ( 15) اور رائن برل ( 2 ) کی طرف سے بھی بڑی اننگز دیکھنے میں نہیں آئی۔ رچرڈ گلیسن نے حارث رؤف اور عبید شاہ کو آؤٹ کردیا۔فہیم اشرف کے ہاتھوں شاہین آفریدی ( 9 ) کے آؤٹ ہوتے ہی لاہور قلندرز کی اننگز بھی تمام ہوئی۔
کرس گرین نے 19 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان۔ عماد وسیم اور رچرڈ گلیسن نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
اسلام آباد یونائٹڈ کو اننگز کے تیسرے ہی اوور میں سمیر منہاس کا نقصان اٹھانا پڑا جو 5رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر عبید شاہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ ڈیون کانوے اور محمد فائق کے درمیان 93 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے یونائٹڈ کو جیت کی راہ پر گامزن کردیا۔
کانوے نے 7 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز اسکور کیے جو اس ٹورنامنٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔محمد فائق نے 34رنز بنائے جس میں6 چوکے شامل تھے۔دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔
کرس گرین پلیئرآف دی میچ قرار پائے۔
دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ دی
کراچی کنگز میں کپتان ڈیوڈ وارنر اور ایڈم زمپا کی واپسی ہوئی ۔
پشاور زلمی نے 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر246 رنز بنائے جو اس پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ نیشنل اسٹیڈیم میں بھی پی ایس ایل کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
کراچی کنگز جواب میں 16 اعشاریہ ایک اوورز میں صرف 87 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
زلمی کو میچ کی دوسری ہی گیند پر محمد حارث کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے خوشدل شاہ کی گیند پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
بابراعظم اور کوسال مینڈس نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 191 رنز کا اضافہ کیا جو پی ایس ایل میں کسی بھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بابراعظم اور شرجیل خان کا تھا جنہوں نے 2021میں کراچی کنگز کی طرف سے اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف 176 رنز کی شراکت قائم کی تھی
بابراعظم نے 10 چوکوں اور 2چھکے کی مدد سے87 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے اس اننگز کے دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 12 ہزار رنز بھی مکمل کیے انہوں نے سب سے کم 338 اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا ہے اس سے قبل یہ ریکارڈ کرس گیل کا تھا جنہوں نے 345 اننگز میں بارہ ہزار رنز مکمل کیے تھے ۔
بابراعظم 12 ہزار یا زائد رنز مکمل کرنے والے شعیب ملک ( 13571رنز ) کے بعد دوسرے پاکستانی بیٹر ہیں۔
مینڈس نے 52گیندوں پر 109 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے اور 4چھکے شامل تھے۔یہ ٹی ٹوئنٹی میں ان کی تیسری سنچری ہے۔
عباس آفریدی نے اپنے ایک ہی اوور میں مینڈس اور مائیکل بریسویل ( 6 ) کی وکٹیں حاصل کیں۔
عبدالصمد نے صرف 12گیندوں پر 40 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں چار چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
بابر اور عبدالصمد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں49 رنز کا اضافہ کیا۔
کراچی کنگز کو کسی بھی مرحلے پر سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔ اننگز کی تیسری ہی گیند پر محمد وسیم کو افتخار احمد نے آؤٹ کردیا اور پھر اگلے ہی اوور میں کپتان ڈیوڈ وارنر پہلی ہی گیند کا سامنا کرتے ہوئے صفر پر شریف الاسلام کی وکٹ بن گئے۔
کراچی کنگز ابھی اس صدمے سے نکل بھی نہیں پائی تھی کہ سلمان آغا بھی صرف 5 رنز بناکر افتخار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔گرنے والی چوتھی وکٹ سعد بیگ کی تھی جو14 رنز بناکر ناہید رانا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
معین علی صرف 9 رنز بناکر سفیان مقیم کی گیند پر عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو مجموعی اسکور پانچ وکٹوں پر صرف 50 رنز تھا۔
اعظم خان 25 رنز بنا پائے۔ خوشدل شا ہ (10 ) اور ایڈم زمپا (صفر) کو ناہید رانا نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کردیا۔ عباس آفریدی ( 9 ) کی وکٹ سفیان مقیم نے حاصل کی۔
ناہید رانا نے چار اوورز میں صرف 7 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ افتخار احمد نے 9 رنز اور سفیان مقیم نے 18رنز دے کر تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کوسال مینڈس پلیئرآف دی میچ ایوارڈ کے حقدار ٹھہرے۔
جمعہ کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ راولپنڈیز سے ہوگا۔



Leave a Reply