پاکستان انڈر 19 کی انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف 177 رنز سے کامیابی ، عثمان خان اور فرحان یوسف کی سنچریاں
پاکستان انڈر 19 نے عثمان خان اور کپتان فرحان یوسف کی شاندار سنچریوں کی بدولت انگلینڈ انڈر 19 کو پہلے یوتھ ون ڈے میں 177 رنز سے شکست دے دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے چار روزہ یوتھ ٹیسٹ میں انگلینڈ انڈر19 نے 10رنز سے کامیابی حاصل کی تھی ۔
بدھ کو آرنڈل میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں پاکستان انڈر 19نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 332 رنز بنائے۔
جواب میں انگلینڈ انڈر 19 ٹیم 35.1 اوورز میں 155 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اننگز میں عثمان خان اور کپتان فرحان یوسف نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 268 رنز کا اضافہ کیا۔
عثمان خان نے 136 گیندوں پر 4 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
کپتان فرحان یوسف نے ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 133 گیندوں پر115 رنز بنائے۔
انگلینڈ انڈر کی طرف سے سبحان علی نے 59 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی اننگز میں آئزک محمد ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد 72 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
پاکستان کی طرف سے محمد صیام نے 39 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں ۔
نقاب شفیق احمد حسین اور رضوان اللہ نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
ون ڈے سیریز کے بقیہ تین میچز 12 14 اور 16 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔



Leave a Reply