ٹیسٹ اسکواڈ میں ہنگامی تبدیلیاں ، ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کے علاوہ سات کھلاڑی فارغ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے لارڈز ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو فارغ کردیا ہے اور ان کی جگہ یہ ذمہ داری وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے سنبھالیں گے۔
ٹیسٹ اسکواڈ سے سات کھلاڑیوں کوبھی فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
فارغ کیے جانے والے کھلاڑیوں میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، علی عثمان، عامر جمال، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
ان کی جگہ سات کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جن میں ٹیسٹ سطح پر پانچ ان کیپڈ جبکہ دو کیپڈ کھلاڑی ہیں۔
متبادل کھلاڑیوں میں بیٹرز صائم ایوب اور عبداللہ فضل بالترتیب آٹھ اور دو ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں جبکہ بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرنے والے آل راؤنڈر عرفات منہاس پاکستان کی جانب سے تین ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
دیگر چار کھلاڑیوں میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عمران جونیئر، وکٹ کیپر بیٹر اور قائداعظم ٹرافی 26-2025 کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سعد بیگ، دائیں ہاتھ سے فاسٹ بولنگ کرنے والے آل راؤنڈرز محمد عمران (جنہیں عمران رندھاوا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) اور رضاء اللہ شامل ہیں۔
یہ تمام کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
برمنگھم ٹیسٹ کے لیے پاکستان کا اپ ڈیٹڈ ٹیسٹ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابر اعظم (کپتان) عبداللہ فضل، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران، محمد عمران جونیئر، غازی غوری ( وکٹ کیپر) رضا ءاللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر) صائم ایوب، ساجد خان، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ۔



Leave a Reply