پی ایس ایل 11۔پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی کامیابیاں
لاہور ۔ پاکستان سپر لیگ 11 میں ہفتےکے روز کھیلے گئے میچوں میں پشاور زلمی نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا جبکہ ملتان سلطانز نے بھی اسلام یونائٹڈ کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔
پہلے میچ میں راولپنڈیز نے جو پہلی بار پی ایس ایل میں حصہ لے رہی ہے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔
جواب میں پشاور زلمی نے 19 اعشاریہ ایک اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
راولپنڈیز کی اننگز کی خاص بات اوپنر یاسرخان کی عمدہ بیٹنگ تھی جنہوں نے 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 83 رنز اسکور کیے۔
یاسر خان اور کپتان محمد رضوان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 125 رنز کااضافہ کیا۔رضوان نے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان دونوں کو علی رضا نے آؤٹ کیا۔ آنے والے بیٹرز میں کامران غلام نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈیرل مچل نے دو چھکوں کی مدد سے23 رنز بنائے۔سام بلنگز 18 اور عبداللہ فضل 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بابراعظم اور محمد حارث نے زلمی کو 78 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا ۔بابراعظم نے ایک چھکے اور 4چوکوں کی مدد سے39 رنز بنائے۔ محمد حارث کی 47 رنز کی اننگز میں 4 چوکے اور 2چھکے شامل تھے۔ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد زلمی نے وقفے وقفے سے ایرون ہارڈی ( 8 ) اور کوسال مینڈس ( 31 ) کی وکٹیں بھی گنوائیں یوں 130 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر صورتحال اس کے لیے مشکل نظرآنے لگی۔ اس موقع پر عبدالصمد اور مائیکل بریسویل نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 64 رنز کا اضافہ کرکے اپنی ٹیم کو جیت سے قریب کردیا۔
عبدالصمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے33 رنز اسکور کیے۔
انہیں آؤٹ کرکے محمد عامر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 414 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی بولر بن گئے۔ اس سے قبل وہ وہاب ریاض کے ساتھ مشترکہ طور پر 413 وکٹوں کے ساتھ شریک تھے۔
مائیکل بریسویل نے 2چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے35 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم اننگم کھیل کر نہ صرف اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا بلکہ وہ پلیئرآف دی میچ بھی قرار پائے۔
عامر جمال نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 17 رنز ناٹ آؤٹ اسکورکیے جس میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔
راولپنڈیز کے نقطہ نظر سے مایوس کن بات محمد عامر اور نسیم شاہ کی کارکردگی تھی محمد عامر نے 4 اوورز میں 49 اور نسیم شاہ نے51 رنز دیے۔
دوسرے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائٹڈ کو بیٹنگ دی جس نے 20اوورز میں 8وکٹوں پر 171رنز بنائے۔
جواب میں ملتان سلطانز نے 18 اعشاریہ 4 اوورز میں پانچ وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
یونائٹڈ کی اننگز میں نوجوان سمیر منہاس اور ڈیون کانوے نے 48 رنز کی شراکت قائم کی۔ 19 سالہ سمیر منہاس نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ڈیون کانوے نے 26 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس کے بعد صرف مارک چیپمین اور فہیم اشرف کی طرف سے ہی مزاحمت سامنے آسکی۔ چیپمین نے3 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے40 رنز بنائے ۔ فہیم اشرف نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان شاداب خان صرف 4 اور عماد وسیم8 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے۔ یہ عماد وسیم کا پی ایس ایل میں 102 واں میچ تھا اس طرح وہ اس لیگ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔ آج بابراعظم نے اپنا 101 واں میچ کھیلا تھا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مومن قمر نے اپنے پہلے پی ایس ایل میچ میں متاثرکن کارکردگی دکھاتے ہوئے 24 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان سلطانز کو تیسرے ہی اوور میں عماد وسیم کی گیند پر صاحبزادہ فرحان (2) کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ اسٹیواسمتھ اور جوش فلپ نے اسکور میں 45رنز کا اضافہ کیا ۔ اسمتھ تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 31رنز بناکر سلمان ارشاد کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔شان مسعود کی6 رنز کی مختصر اننگز کا خاتمہ شاداب خان نے کیا اس مرتبہ ان کا کیچ سلمان ارشاد نے لیا۔
جوش فلپ اور ایشٹن ٹرنر کے درمیان 61 رنز کی شراکت شاداب خان نے جوش فلپ کو ایل بی ڈبلیو کرکے ختم کی جنہوں نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 55 رنز اسکور کیے۔
ایشٹن ٹرنر اور عرفات منہاس کے درمیان 31 رنز کی شراکت اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لے آئی ۔ عرفات منہاس نے چھوٹے بھائی سمیر منہاس کی طرح عمدہ بیٹنگ کی اور 4چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25رنز بناکر سلمان ارشاد کی گیند پر آؤٹ ہوئے لیکن ثابت قدم ایشٹن ٹرنر نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔
سلمان ارشاد اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
مومن قمر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
اتوار کے روز بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔پہلے میچ میں حیدرآباد کنگزمین اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم لاہور قلندرز کا سامنا کرے گی۔



Leave a Reply