پی ایس ایل : ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا
لاہور: پاکستان سپر لیگ 11 میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ۔
اس جیت کے بعد ملتان سلطانز 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہوگئی ہے۔کراچی کنگز کے بھی 6 پوائنٹس ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوچار میچوں میں تیسری شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔
اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ دی جس نے 20اوورز میں 7 وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز نے 167 رنز کا ہدف 17 اعشاریہ 3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
گلیڈی ایٹرز کے لیے مشکلات دوسرے ہی اوور سے شروع ہوگئی تھیں۔ محمد نواز نے خواجہ نافع کی ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے12 رنز کی اننگز کو ختم کیا جس کے بعد اگلے ہی اوور میں ایشٹن ٹرنر کی آف اسپن نے شامل حسین کی 2 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
عرفات منہاس نے اپنے ایک ہی اوور میں دو اہم کامیابیاں حاصل کیں ۔ پہلے انہوں نے حسن نواز کو 20 رنز پر جوش فلپ کے ہاتھوں اسٹمپڈ کرایا اور پھر رائلے روسو کو ایک رن پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
72رنز پر 4 وکٹیں گرجانے کے بعد کپتان سعود شکیل اور بیون جیکبس پانچویں وکٹ کی شراکت میں 47 رنز کا اضافہ کرپائے تھے کہ محمد نواز نے اپنے ایک ہی اوور میں سعود شکیل اور ٹام کرن کو واپسی کا راستہ دکھادیا۔
سعود شکیل نے 6چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے ۔ٹام کرن صرف ایک رن بناپائے۔
بیون جیکبس نے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 49رنز اسکور کیے اور احمد دانیال کے ساتھ 42رنز کی شراکت بھی قائم کی۔دانیال نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے تاہم انہیں ہمسٹرنگ کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔
ملتان سلطانز کی طرف سے محمد نواز نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عرفات منہاس نے صرف14 رنز دے کر 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ایک وکٹ ایشٹن ٹرنر کے حصے میں آئی اس طرح گرنے والی چھ وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں۔
اسٹیو اسمتھ نے ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز جارحانہ اندا میں کیا اور الزاری جوزف کے پہلے ہی اوور میں ایک چھکا اور دو چوکے لگائے۔انہوں نے ٹام کرن کے پہلے ہی اوور میں بھی لگاتار چار چوکے لگادیے دوسری جانب صاحبزادہ فرحان نے ابراراحمد کا استقبال دو چوکوں اور ایک چھکے سے کیا۔ انہوں نے ابرار کے اگلے اوور میں بھی ایک چھکا اور دو چوکے لگائے۔
ان دونوں کے درمیان 71 رنز کی شراکت نے ملتان سلطانز کے لیے ہدف تک پہنچنے کا راستہ آسان بنادیا۔
اسٹیو اسمتھ نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز اسکور کیے۔انہیں حسن نواز نے آؤٹ کیا جو بعد میں عرفات منہاس ( 6 ) کی وکٹ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
صاحبزادہ فرحان 32رنز کی اننگز کھیل کر الزاری جوزف کی گیند پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے جس میں4 چوکے اور2 چھکے شامل تھے۔
جوش فلپ 18 رنز بناکر سعود شکیل کی گیند پر ابرار احمد کو کیچ دے گئے۔
اسمتھ اور شان مسعود نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 40 رنز کا اضافہ کیا۔
شان مسعودنے ایک بار پھر اعتماد سے بیٹنگ کرکے آؤٹ ہوئے بغیر46 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2چوکے اور 2چھکے شامل تھے۔
پلیئر آف دی میچ ایوارڈ محمد نواز نے حاصل کیا۔
پیر کے روز ملتان سلطانز کا مقابلہ راولپنڈیز سے ہوگا۔



Leave a Reply