محمد سلیمان ، سلمان علی آغا اور اذان اویس کی سنچریاں ، بابراعظم 21 رنز پر آؤٹ ، خرم شہزاد کی6 وکٹیں
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چوتھے راؤنڈ کے پہلے دن محمد سلیمان ، سلمان علی آغا اور اذان اویس نے سنچریاں اسکور کیں جبکہ فاسٹ بولر خرم شہزاد نے 6 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی دکھائی۔
دوسری جانب قسمت ابھی تک بابراعظم پر مہربان نہیں ہوئی ہے اور وہ اس مرتبہ 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیلنے کے بعد یہ مسلسل تیسرا میچ ہے جو وہ نہیں کھیل رہے ہیں ۔
ڈائمنڈ کرکٹ کلب اسلام آباد میں اوجی ڈی سی ایل کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 196 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سعد خان 38 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
بابراعظم 12رنز پر سراج الدین کی گیند پر سلپ میں رمیز کے ہاتھوں ڈراپ کیچ کا فائدہ نہ اٹھاسکے اور 21 رنز بناکر آفاق آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ وہ امپائر کے فیصلے سے مطمئن نہیں تھے۔ پچھلے میچ میں وہ 12 اور 4 رنز بناپائے تھے۔
شاہد عزیز نے 31 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔مبصرخان نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے
اسٹیٹ بینک نے کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں پر 87 رنز بنائے تھے۔حسن رضا 50رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم ایبٹ آباد میں ایم آئی ٹی سلیوشنزکی ٹیم غنی گلاس کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 150 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
محمد فاروق 47 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
خرم شہزاد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 38 رنز دے کر 6وکٹیں حاصل کیں۔شاداب خان نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔
غنی گلاس نے کھیل ختم ہونے پر 4 وکٹوں پر 191 رنز بنائے تھے۔محسن ریاض 69 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ محمد اسمعیل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں پی ٹی وی نے ٹاس جیت کر ایس این جی پی ایل کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 3 وکٹوں پر 277 رنز بنائے تھے۔
اذان اویس 15 چوکوں کی مدد سے 130 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں ۔عمیر بن یوسف 11 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں۔
کپتان شان مسعود پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ محمد شہزاد نے تینوں وکٹیں حاصل کی ہیں۔
نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کنگزمین اکیڈمی نے کے آر ایل کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 3 وکٹوں پر 430 رنز بنائے تھے۔
محمد سلیمان نے 2چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 122 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔سلمان علی آغا نے بھی آؤٹ ہوئے بغیر2 چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے۔دونوں چوتھی وکٹ کی شراکت میں 181 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں ۔
محمد طیب 98 اور سعود شکیل 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔



Leave a Reply