سری لنکا ویمنز کی تیسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے کامیابی ، سیریز بھی دو ایک سے جیت لی
ہمبنٹوٹا ۔ سری لنکا ویمنز نے پاکستان ویمنز کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی ۔اس طرح اس نے سیریز بھی دو ایک سے جیت لی۔
پاکستان نے پہلا میچ 5 وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ سری لنکا نے دوسرے میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
منگل کو ہمبنٹوٹا کے مہندا راجہ پاکسے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کرپاکستان کو بیٹنگ دی جو 40 اوورز میں 187 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں سری لنکا نے 37.2 اوورز میں دو وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان کی اننگز میں کپتان فاطمہ ثنا ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔
گل فیروزہ نے 5 چوکوں کی مدد سے40 رنز بنائے۔ منیبہ علی نے 34 اور نجیہہ علوی نے 30 رنز اسکور کیے۔
میچ کے دوسرے ہی اوور میں میڈیم فاسٹ بولر چتھانا ویموکتھی نے صدف شمس ( 9 ) سدرہ امین (صفر ) اور عائشہ ظفر (صفر) کو آؤٹ کرکے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا تھا جس کے بعد اسے سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔
ویموکتی نے 36 رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں ۔اس سے قبل انہوں نے پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میں صرف ایک وکٹ حاصل کررکھی تھی ۔
کپتان چماری اتاپتو اور کویشا دلہاری نے بھی ستائیس ستائیس رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کی اننگز کی خاص بات کپتان چماری اتاپتو ، ہرشیتھا سمارا وکرما اور ہاسینی پریرا کی نصف سنچریاں تھیں۔ چماری اتاپتو نے 38 گیندوں پر 7 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے52 رنز اسکور کیے یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں 21 ویں نصف سنچری ہے۔ انہوں نے وشمی گونارتنے کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں46 رنز کا اضافہ کیا جس میں گونا رتنے کا حصہ 12 رنز تھا۔
ہرشیتھا سمارا وکرما نے 11 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی ۔انہوں نے ہاسینی پریرا کے ساتھ تیسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 106 رنز کا اضافہ کیا۔پریرا نے 8 چوکوں کی مدد سے 50 رنز اسکور کیے۔یہ دونوں آؤٹ نہیں ہوئیں۔
پاکستان کی طرف سے فاطمہ ثنا اور ام ہانی ایک ایک وکٹ حاصل کرپائیں۔
اب دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں مدمقابل ہونگی جو 31 جولائی 2 اور 4 اگست کو رنگیری انٹرنیشنل اسٹیڈیم دمبولا میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت منیبہ علی کریں گی ۔ فاطمہ ثنا دی ہنڈریڈ میں مصروف ہونے کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں موجود نہیں ہونگی۔



Leave a Reply