میرپور ٹیسٹ : بنگلہ دیش 301 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ، کپتان نجم الحسین کی سنچری
میرپور ۔ کپتان نجم الحسین شانتو کی سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن 85 اوورز کی بیٹنگ میں 4 وکٹوں پر 301 رنز بنائے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم یہ ٹیسٹ میچ بابراعظم کے بغیر کھیل رہی ہے جو اچانک گھٹنے کی تکلیف کے سبب اس میچ سے باہر ہوگئے۔ دو نئے کھلاڑیوں اذان اویس اور عبداللہ فضل کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ موجودہ ٹیم میں بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سات کھلاڑی شامل ہیں۔
شان مسعود نے ٹاس جیت کر اس وکٹ پر پہلے اپنے بولرز کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا جس کے گرین ٹاپ ہونے کے چرچے کئی روز سے ہورہے تھے لیکن شاہین شاہ آفریدی ۔ حسن علی اور محمد عباس میزبان بیٹرز کو مرعوب کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے اس کی بڑی وجہ پاکستان کے پیس اٹیک کی گیندوں میں تیزرفتاری کی کمی تھی جو خطرہ بن سکتی۔
میچ کی پہلی ہی گیند پر محمود الحسن جوئے نے شاہین آفریدی کو چوکے سے ابتدا کی لیکن شاہین اپنے چوتھے اوور میں انہیں8 رنز پر رضوان کے ہاتھوں کیچ کرانے میں کامیاب ہوگئے۔
بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان شادمان اسلام کا اٹھانا پڑا جنہیں 13رنز پر سلمان آغا نے حسن علی کی گیند پر کیچ کیا۔
31رنز پر دو وکٹیں گرجانے کے بعد شانتو اور مومن الحق نے تیسری وکٹ کے لیے 170 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔شانتونے 12چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 101 رنز اسکور کیے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 9 ویں اور پاکستان کے خلاف پہلی سنچری ہے۔ انہیں محمد عباس نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
مومن الحق اور مشفق الرحیم نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 75 رنز کا اضافہ کیا۔
مومن الحق ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 14 ویں سنچری صرف 9 رنز کی کمی سے مکمل نہ کرسکے اور لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کی گیندپر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ان کی 200 گیندوں پر مشتمل 91رنز کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔یہ پاکستان کے خلاف ان کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔
مومن الحق کو ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے اب صرف 50 رنز درکار ہیں۔وہ یہ سنگ میل عبورکرنے والے تیسرے بنگلہ دیشی بیٹر ہونگے۔ ان سے قبل تمیم اقبال اور مشفق الرحیم یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
مشفق الرحیم 6 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹر لٹن داس 8 رنز پر کھیل رہے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے 19 اوورز کی بولنگ میں 5 میڈن کراتے ہوئے 67 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ ان کے 10 اوورز ایسے تھے جن میں مجموعی طور پر 12 چوکے لگے۔
محمد عباس 22 اوورز میں51 رنز اور حسن علی 18 اوورز میں 54 رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔ نعمان علی نے20 اوورز میں ایک وکٹ کے حصول کے لیے 80 رنز دیے ہیں آف اسپنر سلمان علی آغا کے 6 اوورز میں25 رنز بنے ہیں۔
نعمان علی ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری سے صرف 2 وکٹوں کی دوری پر ہیں۔
پاکستان ٹیم نے پہلے ہی دن 32 رنز ایکسٹرا کے دے چکی ہے جن میں 8 نوبال8 لیگ بائی اور 16 رنز بائی کے ہیں۔



Leave a Reply