پاکستان ویمنز کو دوسرے وارم اپ میچ میں بھی شکست ، اسکاٹ لینڈ نے41 رنز سے ہرادیا
ڈربی ۔ بارش بھی پاکستان ویمنز ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی اور اسے اسکاٹ لینڈ ویمنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 41 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
غیرمعیاری فیلڈنگ اور غیرمتاثرکن بولنگ کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم بیٹنگ میں بھی مایوس کن کارکردگی دکھارہی تھی کہ بارش کی وجہ سےاسوقت کھیل روک دینا پڑا جب 9 اوورز میں اس کی 5 وکٹیں صرف 62 رنز پر گرچکی تھیں۔
یاد رہے کہ آئی سی سی کی ویمنز ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن 8 ویں ہے اور اسکاٹ لینڈ کا نمبر 11 واں ہے۔
منگل کو ڈربی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ دی جس نے پاکستان کی کمزور بولنگ اور ناقص فیلڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 20 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر191 رنز بناڈالے۔
اسکاٹ لینڈ کی اننگز میں ڈارسی کارٹر اور کیتھرین فریزر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 41رنز کا اضافہ کیا۔ فریزر کو 19 رنز پر سعدیہ اقبال نے بولڈ کیا۔
کارٹر 7 چوکوں کی مدد سے45 رنز بناکر تسمیہ رباب کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں انہوں نے کپتان کیتھرین برائس کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 54 رنز کا اضافہ کیا۔
کیتھرین برائس 6 رنز پر نشرہ سندھو کی گیند پر انہی کے ہاتھوں ڈراپ کیچ اور 53 رنز پر سائرہ جبین کے ڈراپ کیچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 43گیندوں پر 94 رنز بناکر اننگز کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئیں۔ اس اننگز میں 11 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
ان کی چھوٹی بہن سارہ برائس ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوگئیں۔میگن مک کول کو9 رنز پر عائشہ ظفر نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
پریاناز چترجی نے 18 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے اور کیتھرین برائس کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 78 رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستان کی طرف سے سعدیہ اقبال۔ تسمیہ رباب اور عائشہ ظفر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ویمنز کی اننگز میں گل فیروزہ صرف 7رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ سائرہ جبین اور عائشہ ظفر ایک ایک رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔
منیبہ علی 3 رنز پر ابتہا مقصود کے ڈراپ کیچ کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہیں اور 20 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
34 سالہ ارم جاوید کا بھی 7 رنز پر کیچ ابتہا مقصود نے ڈراپ کیا لیکن وہ بھی اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہیں اور 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
جب کھیل بارش کی وجہ سے کھیل رکا تو کپتان فاطمہ ثنا 12 اور عالیہ ریاض ایک رن پر ناٹ آؤٹ تھیں۔
سلیٹر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم کو اپنے پہلے وارم میچ میں سری لنکا ویمنز کے خلاف 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسری جانب اسکاٹ لینڈ نے ہالینڈ اور پاکستان کے خلاف اپنے دونوں وارم اپ میچز جیتے ہیں۔
پاکستان ٹیم آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 14 جون کو بھارت کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلے گی۔



Leave a Reply