اسٹیٹ بینک اور ایم آئی ٹی سلیوشنز پریذیڈنٹ ٹرافی کے فائنل میں ، اوجی ڈی سی ایل گریڈ ٹومیں ریلیگیٹ
اسٹیٹ بینک اور ایم آئی ٹی سلیوشنز کی ٹیمیں پریذیڈنٹ ٹرافی کے فائنل میں مدمقابل ہونگی۔ فائنل اتوار 25 اکتوبر سے اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 107پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور ایم آئی ٹی96 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
ایم آئی ٹی نے گزشتہ سیزن میں گریڈ ٹو جیتا تھا اور گریڈ ون کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور اب وہ فائنل کھیلے گی۔
پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں یعنی آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم اوجی ڈی سی ایل پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون سے باہر ہوکر اب گریڈ ٹو میں چلی گئی ہے اس کے 72پوائنٹس ہیں جو ساتویں نمبر کی ٹیم پی ٹی وی سے دو پوائنٹس کم ہیں۔ جبکہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ جیتنے کے نتیجے میں کنگزمین نے گریڈ ون کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے اس طرح پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ میں اب کنگزمین کی دو ٹیمیں موجود ہونگی۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کے ساتویں اور آخری راؤنڈ کے آخری دن ایس این جی پی ایل نے کے آر ایل کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔
غنی گلاس اور اوجی ڈی سی ایل کا میچ ڈرا ہوگیا ، اسی طرح کنگز مین اکیڈمی اور اسٹیٹ بینک کا میچ بھی ڈرا ہوگیا۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ایس این جی پی ایل کو جیتنے کے لیے 191 رنز کا ہدف ملا تھا ۔ تیسرے دن اس نے 4 وکٹوں پر 87 رنز بنائے تھے چوتھے دن اس نے مزید دو وکٹیں گنواکر ہدف حاصل کرلیا۔
عبدالصمدنے 10 چوکوں کی مدد سے69 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ محمد عمران نے 5 چوکوں کی مدد سے 31 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ محمد رضوان 27 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں غنی گلاس نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں پر383 رنزبناکر ڈیکلیئر کردی۔ حسین طلعت نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 108 رنز اسکور کیے۔علی رزاق نے 111 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں 8چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ حسیب اللہ نے 53 رنز بنائے۔ عامر خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل اوجی ڈی سی ایل نے اپنی پہلی اننگز 410 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی ۔
نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک کو کنگز مین اکیڈمی کے خلاف جیتنے کے لیے295 رنز کا ہدف ملا تھا کھیل ختم ہونے پر اس نے 3 وکٹوں پر 208 رنز بنائے تھے۔حسن رضا نے 22 چوکوں کی مدد سے 128رنزاسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔علی شان 57 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل کنگزمین اکیڈمی نے اپنی دوسری اننگز 321 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی ۔محمد طیب نے 2 چھکوں اور 17چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنائے۔محمد سلیمان نے 59 رنز اسکور کیے جس میں 2 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔



Leave a Reply