پی ایس ایل : اسلام آباد یونائٹڈ کی راولپنڈیز کےخلاف 7 وکٹوں سے کامیابی
اہور: اسلام آباد یونائٹڈ نے پاکستان سپر لیگ 11 میں راولپنڈیز کو 7وکٹوں سے شکست دے دی ۔
اس میچ کی خاص بات نوجوان سمیر منہاس کی 70 رنز کی شاندار اننگز تھی۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے اپنا دوسرا میچ جیتا ہے اور وہ 5 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ راولپنڈیز کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ہفتے کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اسلام آباد یونائٹڈ نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو بیٹنگ دی جو 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر156 رنز بناسکی۔
جواب میں اسلام آباد یونائٹڈ نے مطلوبہ اسکور 14 اعشاریہ 2 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
راولپنڈیز کا آغاز مایوس کن تھا جو پاور پلے میں صرف 35 رنز پر دو وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی جن میں کپتان محمد رضوان کی وکٹ بھی شامل تھی جنہیں رچرڈ گلیسن نے2 رنز پر بولڈ کیا۔ اس سے قبل وہ یاسر خان کو بھی 2 رنز پر آؤٹ کرچکے تھے۔
کامران غلام اور ڈیرل مچل نے اس ابتدائی نقصان کی تلافی کرنے کی کوشش کی لیکن 51رنز کی یہ پارٹنرشپ ڈیرل مچل کے 19 رنز پر سلمان ارشاد کے ہاتھوں آؤٹ ہونے پر ختم ہوئی جنہوں نے بعد میں دو چھکوں کی مدد سے23 رنز بنانے والے عبداللہ فضل کو بھی آؤٹ کیا۔
کامران غلام 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر فہیم اشرف کی وکٹ بن گئے جنہوں نے رشاد حسین کو بھی آؤٹ کیا۔سام بلنگز صرف 7 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کے ڈیئن فوریسٹر کے ناقابل شکست 44 رنز کی وجہ سے راولپنڈیز کی پوزیشن کچھ بہتر ہوسکی۔ ان کی صرف 19 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
یونائٹڈ کی طرف سے رچرڈ گلیسن ۔ فہیم اشرف اور سلمان ارشاد کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔
اسلام باد یونائٹڈ کی خوش قسمتی کہ اسے سمیر منہاس کی شکل میں زبردست ٹیلنٹ ملا ہے جن کی ایک اور شاندار اننگز کی بدولت یونائٹڈ نے پاور پلے میں 62رنز بنائے۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 58 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ میں ڈیون کانوے کا حصہ صرف 6 رنز تھا۔
سمیر منہاس صرف 36گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 70 رنز بناکر جلات خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے جن کے پہلے اوور میں انہوں نے چار چوکے لگائے تھے۔
یاد رہے کہ سمیر منہاس نے پچھلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف82 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
سمیر منہاس جب آؤٹ ہوئے تو اسوقت یونائٹڈ کو جیتنے کے لیے صرف 66 رنز درکار تھے تاہم محمد فائق 19 رنز بناکر رشاد حسین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
مارک چیپمین اور حیدرعلی کے درمیان 45 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے اپنی ٹیم کو منزل پر پہنچادیا۔ چیپمین نے ایک چھکے اور4 چوکوں کی مدد سے24 رنز اسکور کیے۔حیدرعلی نے 26 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 3چوکے شامل تھے۔
سمیر منہاس نے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔
اتوار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔



Leave a Reply