پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو: جے ڈی ڈبلیو کی ریلویز کے خلاف 9 وکٹوں سے کامیابی ، مومن قمر کی 9 وکٹیں ،سمیر کی سنچری
لاہور۔ جے ڈی ڈبلیو نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ میں ریلویز کو9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں جے ڈی ڈبلیو کی پہلی کامیابی ہے۔
اس میچ کی نمایاں بات جے ڈی ڈبلیو کے نوجوان بولر مومن قمر کی وکٹوں کی شاندار کارکردگی اور سمیر منہاس کی سنچری تھی۔
نیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں ریلویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ70 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے۔ عبداللہ زبیر 84۔ جہانزیب نوید51 اور کامران خان 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حسن حفیظ اور مومن قمر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
جے ڈی ڈبلیو نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 383رنز اسکور کیے۔ سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 108 گیندوں پر 110 رنز اسکور کیے جس میں12 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں سمیر منہاس کی دوسری سنچری ہے۔ اس سے قبل انہوں نے احمد گلاس کے خلاف ناقابل شکست 121 رنز بنائے تھے۔
انہوں نے صاحبزادہ عبداللہ کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 181 رنز کا اضافہ کیا۔ صاحبزادہ عبداللہ نے 7 چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی اننگز کھیلی۔ رانا عدیل مشتاق نے 78 ناصر نواز 36 اور فرحان یوسف نے30 رنز اسکور کیے۔
جے ڈی ڈبلیو کو پہلی اننگز میں 109 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
ریلویز دوسری اننگز میں 175 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عبداللہ زبیر نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
مومن قمر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 56 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں اسطرح انہوں نے میچ میں 130رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کیں۔
جے ڈی ڈبلیو کو جیتنے کے لیے 67 رنز کا ہدف ملا تھاجو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
جے ڈی ڈبلیو نے اس ٹورنامنٹ میں چھ میچز کھیلے جن میں تین میں اسے شکست ہوئی ایک میچ جیتا اور ایک ڈرا رہا۔
اس ٹورنامنٹ میں نوجوان مومن قمر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 31 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سمیر منہاس نے دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 385 رنز بنائے۔



Leave a Reply