سہ فریقی ون ڈے سیریز : پاکستان کی سری لنکا کے خلاف 37 رنزسے کامیابی
پاکستان نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کا آغاز جیت سے کیا اور پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی۔
اس جیت میں سلمان علی آغا کی شاندار سنچری نے اہم کردار ادا کیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جو 49.5 اوورز میں 305رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں سری لنکا کی ٹیم48.1 اوورز میں 268 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ کو ون ڈے کیپ دی۔ شاداب خان اور سفیان مقیم بیماری کے سبب سلیکشن کے لیے دستیاب نہ تھے۔
پاکستان کی اننگز کا چوتھا اوور ختم ہونے سے پہلے ہی دونوں اوپنرز صائم ایوب اور فخر زمان پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ صائم ایوب مادوشانکا کو چھکا مارنے کے بعد اسی اوور میں فل ٹاس پر مڈ آف پر کیچ ہوگئے
فخرزمان نے مادوشانکا کو چھکے اور اسیتھا فرنینڈو کو دوچوکوں سے اچھی ابتدا کی تھی لیکن وہ 17 رنز بناکر مادوشانکا کی گیند پر مڈآن پر کیچ دے گئے۔
32 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد بابراعظم اور سعد بیگ نے اسکور میں 74رنز کا اضافہ کیا۔
بابراعظم 6 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر ایشان مالنگا کی اٹھتی ہوئی گیندپر شارٹ مڈوکٹ پر آسان کیچ پر اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔
سعد بیگ نے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز مادوشانکا کی گیند کو ُپل کرکے چوکے سے کیا۔ اسی اوور میں ان کا اسکوائر ڈرائیو بھی قابل دید تھا۔ان کے اعتماد کی جھلک کولومباگے اور شاناکا کی گیندوں پر چھکوں سے بھی نمایاں تھی۔
سعد بیگ 40گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے39 رنز بناکر ایشان مالنگا کے باؤنسر پر ڈیپ فائن لیگ پر کیچ ہوگئے۔ یہ مالنگا کی دو اوورز میں دوسری وکٹ تھی۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 118 کے اسکور پر گری جس کے بعد حسن نواز اور سلمان علی آغا نے 97 رنز کی شراکت سے صورتحال بہتر کی۔
حسن نواز نے ون ڈے ٹیم میں واپسی پر 37 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2چوکے اور 2 چھکے شامل تھےلیکن یہ سلمان علی آغا تھے جن کی شاندار بیٹنگ نے پاکستان کو ایک بڑے اسکور تک پہنچنے میں مدد دی۔
یہ وہی سلمان علی آغا ہیں جنہیں انگلینڈ میں ایک ٹیسٹ کی عارضی کپتانی کے بعد اگلے ہی ٹیسٹ سے ڈراپ کردیا گیا اور پاکستان بھیج دیا گیاتھا جس کے بعد وہ نہ صرف ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے محروم کردیے گئے بلکہ ٹیم سے بھی باہر کردیے گئے لیکن انہوں نے اس مشکل صورتحال میں اپنی پرفارمنس سے جواب دیتے رہے اور پہلے پریذیڈنٹ ٹرافی میں ٹرپل سنچری اسکور کی اور اب ون ڈے میں سنچری سے اپنے مضبوط اعصاب کا ثبوت فراہم کردیا۔
سلمان علی آغا نے 90 گیندوں پر 10چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 107 رنز اسکور کیے۔ یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی چوتھی اور سری لنکا کے خلاف دوسری سنچری ہے۔یہ دونوں سنچریاں انہوں نے راولپنڈی کے خلاف اسکور کی ہیں۔
عرفات منہاس نے18 رنز بنائے اور سلمان علی آغا کے ساتھ 64 رنز کی شراکت قائم کی۔
فہیم اشرف ایک اور ناکام اننگز کھیل کر اپنے نام کے سامنے صرف 6 رنز درج کراگئے۔
پاکستان کی اننگز کے آخری 10 اوورز میں صرف 67 رنز بن سکے اور 5وکٹیں گرگئیں۔
سری لنکا کی طرف سے ایشال مالنگا نے کریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے 46 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔اسیتھا فرنینڈو نے تین اور مادوشانکا نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
سری لنکا کی اننگز میں اوشکا فرنینڈو 5 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ کپتان کوسال مینڈس 18 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
کامندو مینڈس 44 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
شاہین آفریدی نے اپنے اگلے ہی اوور میں ساہان اراچیگے کو 3 رنز پر وکٹ کیپر سعد بیگ کے پہلے کیچ کے ذریعے واپسی دکھائی تو سری لنکا کا اسکور 4 وکٹوں پر 91 رنز تھا۔
پون رتنائیکے 6 چوکوں اور شاہین آفریدی کو لگاتار دو چھکوں کی مدد سے 79رنز کی اہم اننگز کھیل کر فہیم اشرف کی گیند پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
انہوں نے جنیتھ لیاناگے کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 119 رنز کا اضافہ کیا۔
جنیتھ لیاناگے 5 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بابر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ انہوں نے داسون شاناکا کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 43 رنز کا اضافہ کیا۔
داسون شاناکا 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر بابر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے یوں سری لنکا کی آخری امید بھی ختم ہوگئی۔
شاہین آفریدی نے 55 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فہیم اشرف ، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
سہ فریقی سیریز کا دوسرا میچ منگل 20 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
Leave a Reply