URDUپی ایس ایل 11 ۔ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگزمین کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

پی ایس ایل 11 ۔ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگزمین کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

لاہور: پاکستان سپر لیگ 11 میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگز مین کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس میچ کی خاص بات فاتح ٹیم کے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری تھی۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کریئر کی 9 ویں سنچری ہے۔
یہ اس پی ایس ایل میں بننے والی پہلی سنچری بھی ہے۔
یہ ملتان سلطانز کی دو میچوں میں دوسری کامیابی ہے جبکہ حیدرآباد کنگزمین کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کنگزمین نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 225 رنز بنائے۔
جواب میں ملتان سلطانز نے 18 اعشاریہ 4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
کنگزمین کی اننگز کی خاص بات معاذ صداقت اور شرجیل خان کی عمدہ بیٹنگ تھی ۔ معاذ صداقت نے صرف 26گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے62 رنز بنائے۔
معاذ صداقت اور صائم ایوب نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز کا اضافہ کیا۔ صائم ایوب ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان مارنس لبوشین نے ایک بار پھر مایوس کیا ۔ وہ ون ڈاؤن پوزیشن پر صرف 8 رنز بناکر حریف کپتان ایشٹن ٹرنر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ابتک تین میچوں میں لبوشین 26 ۔ 23۔ اور 8 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔
عثمان خان تین چھکوں کی مدد سے 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو کنگزمین کا اسکور چار وکٹوں پر 127 رنز تھا۔
اس ٹورنامنٹ میں پہلی بار موقع دیے جانے والے شرجیل خان کو پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا لیکن انہوں نے اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دیا اور جارحانہ بیٹنگ کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ انہوں نے 26گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 51 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ۔ ان کی اننگز میں 3چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
شرجیل خان نے سعد علی کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 44 رنز کا اضافہ کیا۔ سعد علی 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
شرجیل خان اور عرفان خان کے درمیان چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 54 رنز بنے جس میں عرفان خان کا حصہ ایک چھکے اور دو چوکوں کے ساتھ 22 رنز ناٹ آؤٹ رہا۔
سلطانز کی طرف سے وسیم جونیئر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
سلطانز کی اننگز میں اسٹیو اسمتھ اور صاحبزادہ فرحان جارحانہ انداز میں 104 رنز کا شاندار آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہے جن میں سے 83 رنز پاور پلے میں بنے جو پی ایس ایل میں پاور پلے میں بننے والا چوتھا بڑا اسکور ہے۔
صاحبزادہ فرحان نے 57 گیندوں پر 7 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے106 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے پانچ ہزار رنز بھی مکمل کرلیے وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے دسویں پاکستانی بیٹر ہیں۔
اسٹیو اسمتھ نے 46 رنز اسکور کیے جس میں 2 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
شان مسعود نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ جوش فلپ9 اور کپتان ایشٹن ٹرنر4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
عرفات منہاس نے صاحبزادہ فرحان کا اچھا ساتھ دیا اور ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ان دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں37 رنز بنے۔
صاحبزادہ فرحان اپنی شاندار سنچری پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
جمعرات کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ اسلام آباد یونائٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا۔ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور راولپنڈیز مدمقابل ہونگی۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.