URDUپہلا ویمنز ون ڈے : پاکستان نے زمبابوے کو 168 رنز سے ہرادیا

پہلا ویمنز ون ڈے : پاکستان نے زمبابوے کو 168 رنز سے ہرادیا

کراچی ۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے زمبابوے ویمنز کو تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 168 رنز سے شکست دے دی۔
اس میچ کی خاص بات صدف شمس اور گل فیروزہ کے درمیان 162 رنز کی شاندار اوپننگ پارٹنرشپ تھی جو ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں کسی بھی وکٹ کے لیے پاکستان کی تیسری سب سے بڑی پارٹنرشپ بھی ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جس نے 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 330 رنز بنائے جو ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔
جواب میں زمبابوے ویمنز ٹیم 36 اعشاریہ 4 اوورز میں 162 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
صدف شمس اور گل فیروزہ نے 162 رنز کی شراکت سے ٹیم کے لیے ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھ دی۔ صدف شمس نے 17چوکوں کی مدد سے 98 رنز اسکور کیے جو ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کا بہترین اسکور بھی ہے جو اس سے قبل 97رنز تھا۔
گل فیروزہ نے 5 چوکوں کی مدد سے50 رنز کی اننگز کھیلی یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی پہلی نصف سنچری ہے۔
سدرہ امین اور وکٹ کیپر نجیہہ علوی نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 96 رنز کا اضافہ کیا۔ سدرہ امین نے 9 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔ نجیہہ علوی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی پہلی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 56رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئیں اس اننگز میں ایک چھکا اور 8 چوکے شامل تھے۔
کپتان فاطمہ ثنا ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
زمبابوے نے ایکسٹرا کے43 رنز دیے ۔پریشئس مارنگے 39 رنز کے عوض تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہیں۔
زمبابوے ویمنز کی اننگز میں بیلووڈ بیزا 53 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔کیلس این لووو نے31 رنز اسکور کیے۔
فاطمہ ثنا ، تسمیہ رباب اور عروب شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والی مومنہ ریاست اور نشرہ سندھو ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
یاد رہے کہ یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 29-2025 کا حصہ ہے۔
آئی سی سی کی ویمنز ون ڈے رینکنگ میں پاکستان اسوقت 8 ویں نمبر پر ہے جبکہ زمبابوے کی رینکنگ 12 ویں ہے۔
زمبابوے ویمنز ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔
سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل بدھ کو کھیلا جائے گا۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.