پی ایس ایل 11 : حیدرآباد کنگزمین کی پہلی کامیابی
کراچی : پاکستان سپر لیگ 11 میں حیدرآباد کنگزمین نے بالآخر پہلا میچ جیت لیا۔ اس نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سےشکست دیدی۔
پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 76 رنز سے ہرادیا۔
پشاور زلمی 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہوگئی ہے۔وہ ابتک اس ٹورنامنٹ میں واحد ناقابل شکست ٹیم ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اتوار کو ڈبل ہیڈر کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔
جواب میں لاہور قلندرز 17 اوورز میں صرف 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔گزشتہ میچ میں وہ 100 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔
زلمی کی اننگز کی خاص بات کپتان بابراعظم اور کوسال مینڈس کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے109 رنز کی شراکت تھی جو اوپنر محمد حارث کے 18 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد قائم ہوئی۔یہ ان دونوں کے درمیان لگاتار دوسرے میچ میں سنچری پارٹنرشپ تھی۔
بابراعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 46 سنچری پارٹنرشپس کے ریکارڈ میں وراٹ کوہلی اور کرس گیل کے ساتھ شریک ہوگئے ہیں۔
کوسال مینڈس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 48گیندوں پر 74 رنز اسکور کیے جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
بابراعظم نے 43 رنزکی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔اس اننگز کے دوران انہوں نے پی ایس ایل میں اپنے چار ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
اس پارٹنرشپ کے بعد کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
مائیکل بریسویل ( 21 ) عبدالصمد ( 2 ) اور عامر جمال ( صفر ) پر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔مستفیض الرحمن نے 30 رنزکے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی اور وہ کسی بھی مرحلے پر میچ میں واپس نہ آسکی۔
دو میچوں کی پابندی کے بعد ٹیم میں واپس آ کر پی ایس ایل میں اپنا 100 واں میچ کھیلنے والے فخرزمان اور عبداللہ شفیق 21 ۔ 21 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ دونتھ ویلالاگے 20 اور سکندر رضا 14 رنز بنا پائے۔
محمد نعیم ( ایک ) آصف علی ( صفر) اور حسیب اللہ ( 3 ) کی کارکردگی لاہور قلندرز کی بے بسی ظاہر کرنے کے لیے کافی تھی۔
مائیکل بریسویل نے18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔سفیان مقیم نے بھی21 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ناہید رانا دو کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
کوسال مینڈس لگاتار دوسرے میچ میں پلیئرآف دی میچ قرار پائے۔
دوسرے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 188 رنز بنائے۔
جواب میں حیدرآباد کنگز مین نے 19 اعشاریہ ایک اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
حیدرآباد کنگز مین میں گلین میکسویل اور کراچی کنگز میں ریزا ہینڈرکس کی آمد ہوئی ۔ ڈیوڈ وارنر کی جگہ کراچی کنگز کی کپتانی معین علی نے سنبھالی لیکن کراچی کنگز کی ابتدا مایوس کن رہی اور پہلے ہی اوور میں محمد علی ریزا ہینڈرکس کو 2 رنز پر آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
حنین شاہ نے سلمان آغا ( 24 ) اور محمد وسیم ( 25 ) کی وکٹیں حاصل کرکے کراچی کنگز کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ 59 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد اعظم خان اور سعد بیگ اسکور کو 120 رنز تک لے گئے۔ 61 رنز کی شراکت مارنس لبوشین نے اعظم خان کو 26 رنز پر آؤٹ کرکے ختم کی جس میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔
کپتان معین علی نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے پہلے میکسویل کو لگاتار دو چھکے لگائے اور پھر صائم ایوب کے ایک اوور میں تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے22 رنز بناڈالے ۔ وہ 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے صرف 16 گیندوں پر 44 رنز کی اہم اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے سعد بیگ کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 55 رنز کا اضافہ کیا۔
سعد بیگ 6 چوکوں کی مدد سے 53رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔کوچ نے انہیں نصف سنچری مکمل کرنے کے فوراً بعد واپس بلالیا۔
حیدرآباد کنگز مین کی طرف سے حنین شاہ 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی میں بہترین بولنگ بھی ہے۔ محمد علی نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
حیدرآباد کنگز مین نے اپنے کپتان لبوشین کی جانب سے حریف کپتان معین علی کے پہلے ہی اوور میں دو چھکوں اور ایک چوکے کےذریعے ُپراعتماد ابتدا کی لیکن 26 رنز پر خوشدل شاہ کی گیند پر عباس آفریدی نے ان کا عمدہ کیچ لے لیا۔
96کے مجموعی اسکور پر حیدرآباد کنگز کو دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا معاذصداقت 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 37 اور عثمان خان 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 27 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
صائم ایوب صرف 6رنز بناکر سلمان آغا کی گیند پر بولڈ ہوئے اور پھر عباس آفریدی نے گلین میکسویل کی اہم وکٹ 2 رنز پر حاصل کرلی۔
حیدرآباد کنگزمین کی چار وکٹیں صرف 16 رنز کے اضافے پر گرگئیں۔
کوسال پریرا 17 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے لیکن عرفان خان اور حسان خان نے 50 رنز کی ناقابل شکست شراکت کے ذریعے اپنی ٹیم کو پہلی جیت سے ہمکنار کردیا۔
حسان خان 2 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 33 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ عرفان خان نے 29 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز میں ایک چوکا اور دو چھکے لگائے۔
عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
حسان خان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
اتوار کے روز اسلام آباد یونائٹڈ اور حیدرآباد کنگز مین کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔



Leave a Reply