جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستان ویمنز کے خلاف انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی
کراچی۔ جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 نے پاکستان ویمنز انڈر 19 کو پانچویں اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 17 رنز سے شکست دے کر سیریز تین دو سے اپنے نام کرلی۔
یاد رہے کہ پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی پاکستان نے دوسرا میچ 47 رنز سے جیتا تھا ۔ جنوبی افریقہ نے تیسرے میچ میں 52 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ چوتھا میچ پاکستان نے 6 وکٹوں سے جیتا تھا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے پانچویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔
جواب میں جنوبی افریقہ نے 5.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 44رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔ اسوقت مایا لالر اور ڈیرڈی رینسبرگ بالترتیب22 اور 18رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھیں
اس سے قبل پاکستان کی اننگز میں راویل فرحان نے 5 چوکوں کی مدد سے32 رنز اسکور کیے۔انہوں نے کومل خان کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 48 رنز کا اضافہ کیا کومل خان ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والی شہربانو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے 30 رنز اسکور کیے۔
شہربانو اور راویل فرحان کی وکٹیں لگاتار گیندوں پر 85 کے مجموعی اسکور پر گریں جس کے بعد ذوفشاں ایاز اور اقصٰی حبیب اسکور میں 28رنز کا اضافہ کر پائیں۔ ذوفشاں ایاز ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ اقصی نے دو چوکوں کی مدد سے 23 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔
کپتان فضا فیاض صفر اور عریشہ انصاری ایک رن پر آؤٹ ہوئیں۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈینیلی بیشوف نے 18 اور ایشلے فن وک نے 22 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔



Leave a Reply