ڈھاکہ ٹیسٹ : بنگلہ دیش کو 179 رنز کی برتری حاصل
ھاکہ ۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ڈھاکہ ٹیسٹ کے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے تھے۔ اس طرح اسے مجموعی طور پر 179 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
بنگلہ دیش کو اس پوزیشن میں لانے کا سہرا کپتان نجم الحسین شانتو اور مومن الحق کی عمدہ بیٹنگ کو جاتا ہے جنہوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی سنچری پارٹنرشپ قائم کی۔
بارش سے متاثرہ چوتھے دن کے کھیل میں دوسرا سیشن مکمل طور پر ضائع ہوگیا اور تیسرے سیشن میں بھی کھیل کم روشنی کے سبب وقت سے پہلے ختم کردیا گیا۔
بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 7 رنز بغیرکسی نقصان کے شروع کی اور پہلے سیشن میں اسکور 2 وکٹوں پر93 رنز تک پہنچادیا۔آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی محمود الحسن جوئے تھے جو5 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 23 کے مجموعی اسکور پر گری جب حسن علی نے شادمان اسلام کو 10رنز پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
نجم الحسین شانتو اور مومن الحق جنہوں نے پہلی اننگز میں 170رنز کی شراکت قائم کی تھی دوسری اننگز میں بھی 105رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ مومن الحق جو سلمان علی آغا کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ ہونے سے بچے تھے 4 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے تیسرے بنگلہ دیشی بیٹر ہیں۔ ان سے قبل تمیم اقبال اور مشفق الرحیم یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
کھیل کے اختتام پر نجم الحسین شانتو 6 چوکوں کی مدد سے 58 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ ان کے ساتھ مشفق الرحیم 3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز پر کریز پر موجود تھے۔
پاکستانی بولرز تمام کوشش کے باوجود صرف تین وکٹیں حاصل کرسکے لیکن اس کی ایک وجہ خراب فیلڈنگ بھی تھی۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں413 رنز بنائے تھے ۔ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں386 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی



Leave a Reply