URDUپی ایس ایل پلے آف ، چار ٹیموں میں اصل مقابلہ

پی ایس ایل پلے آف ، چار ٹیموں میں اصل مقابلہ

لاہور۔ پاکستان سپر لیگ 2026 کے پلے آف کا مرحلہ منگل سے شروع ہوگا جس میں چار ٹیمیں 3 مئی کو ہونے والے فائنل تک پہنچنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی کوشش کریں گی۔
ان چار ٹیموں میں 2017 کی چیمپیئن پشاور زلمی۔ 2016، 2018 اور 2024 کی فاتح اسلام آباد یونائٹڈ ، 2021 کی چیمپیئن ملتان سلطانز اور پی ایس ایل میں پہلی بار حصہ لینے والی حیدرآباد کنگز مین شامل ہیں۔
پچھلے سال کی فاتح لاہور قلندرز اور رنراپ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بالترتیب پانچویں اور ساتویں نمبر پر رہی ہیں جبکہ کراچی کنگز چھٹے نمبر پر رہی، راولپنڈیز آٹھ ٹیموں میں آخری نمبر پر رہی۔
کوالیفائر۔
پشاور زلمی لیگ کی سب سے بہترین کارکردگی کے ساتھ کوالیفائر میں آئی ہے۔
اس نے 10 میچوں میں 8 جیتے ہیں اس کے 17 پوائنٹس ہیں۔
ان کا بولنگ اٹیک بہت مؤثر رہا ہے۔ سفیان مقیم 19 وکٹیں اور 7.47 کے اکنامی ریٹ کے ساتھ سرفہرست ہیں انہوں نے مسلسل چار میچوں میں کم ازکم تین وکٹیں حاصل کی ہیں۔
پشاور کی بیٹنگ بھی کافی مضبوط رہی ہے۔کوسال مینڈس بیٹنگ میں سرفہرست ہیں۔ انہوں نے 500 رنز بنائے ہیں جس میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ بابر اعظم جنہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اپنی 12 ویں ٹی ٹوئنٹی سنچری مکمل کی 485 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ بابر اور مینڈس دوسری وکٹ کی ریکارڈ191 رنز کی شراکت قائم کرچکے ہیں۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے لیگ مرحلے کا اختتام 13 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرپر کیا ہے۔ ان کی مہم انفرادی کارکردگی کے بجائے مسلسل ٹیم کی اچھی کارکردگی کے گرد نظر آتی ہے۔
نوجوان اوپنر سمیر منہاس ان کی بیٹنگ میں نمایاں رہے ہیں انہوں نے اپنی سب سے نمایاں تین اننگز میں 82 ناٹ آؤٹ (گلیڈی ایٹرز کے خلاف)، 70 (راولپنڈیز کے خلاف ) اور 58 رنز ( کراچی کنگز کے خلاف ) بنائےہیں۔ 9 میچوں میں سمیر نے کل 299 رنز اسکور کیے (اوسط 42.71، اسٹرائیک ریٹ 151.77)۔ ڈیون کانوے ، سمیر کے اوپننگ پارٹنر ہیں وہ یونائٹڈ کے دوسرے سب سے کامیاب بیٹر ہیں جنہوں نے 265 رنز بنائے ہیں جبکہ مارک چیپمین نے مجموعی طور پر 198 رنز اسکور کیے۔ شاداب خان کی مکمل کارکردگی (145 رنز اور 14 وکٹیں) اور کرِس گرین کا لاہور قلندرز کے خلاف تین وکٹیں حاصل کرنا اور رچرڈ گلِیسن کا حیدرآباد کنگز مین کے خلاف تین وکٹیں حاصل کرنا عمدہ کارکردگی کی نمایاں مثال ہیں۔
تاہم لیگ کرکٹ کے آخری ہفتے میں راولپنڈیز کے خلاف ان کی حیران کن شکست نے ایک کمزوری کو ظاہر کیا جس زلمی کے بولرز فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
کوالیفائر کی فاتح ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گی۔
ایلیمنیٹر ون
اس میچ میں ایک ٹیم ملتان سلطانز ہے جو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی اور واحد ٹیم ہے جو اوسطاً 10 رنز فی اوور سے زیادہ اسکور کرتی آئی ہے اور اس کی حریف حیدرآباد کنگز مین ہے جس کا سفر انتہائی دلچسپ رہا ہے۔
ملتان سلطانز کو زیادہ پسندیدہ ٹیم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ حیدرآباد کنگز مین کے خلاف اسٹیو اسمتھ کی پہلی پی ایس ایل سنچری، صاحبزادہ فرحان کی مستقل مزاجی اور سیزن کے آخر میں عرفات منہاس کی فارم نے انہیں ایک متوازن تجربہ کار لائن اپ دی ہے۔ اسمتھ ان کی ٹیم کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں جنہوں نے 367 رنز بنائے ہیں اس کے بعد صاحبزادہ فرحان 365 رنز کے ساتھ ہیں۔ عرفات منہاس نے اپنے 143 رنز کے علاوہ 9 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں، جن کی اوسط 22.66 اور اکانومی ریٹ 8.50 ہے۔
پیٹر سڈل نے 41 سال کی عمر میں بہت ہی متاثرکن پرفارمنس دی ہے جبکہ فیصل اکرم کی راولپنڈیز کے خلاف چار وکٹوں کی کارکردگی نے اہم لمحات میں میچ جیتنے کی صلاحیت دکھائی ہے۔
لیکن کنگز مین ٹورنامنٹ کی سب سے دلچسپ کہانی ہے۔ اپنے پہلے چار میچ ہارنے اور اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف صرف 80 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ان کواہمیت نہ دیے جانے کے باوجود اس نے مسلسل چار میچ جیت کر زبردست کم بیک کیا جو راولپنڈیز کے خلاف غیر معمولی 244 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ عروج پر پہنچا جس نے لاہور قلندرز کو نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر باہر کر دیا۔
عثمان خان کی پی ایس ایل میں مجموعی طور پر چار سنچریاں جو پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی دوسرے بیٹر سے زیادہ ہیں اور گلین میکسویل کی ٹورنامنٹ کے آخری مراحل میں زبردست فارم کنگزمین کو ایک حقیقی خطرہ بناتی ہے۔ ان کے پیس اٹیک میں محمد علی (13 وکٹیں) اور حنین شاہ (12 وکٹیں) نمایاں ہیں۔
ایلیمنیٹر ون ہارنے والی ٹیم باہر ہو جائے گی۔
پلے آف کا شیڈول
28 اپریل (کوالیفائر) پشاور زلمی بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ۔ کراچی۔
29 اپریل (ایلیمنیٹر ون) ملتان سلطانز بمقابلہ حیدرآباد کنگز مین لاہور۔
یکم مئی (ایلیمینیٹر ٹو) کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلیمینیٹر ون کی فاتح لاہور۔
3 مئی (فائنل) – قذافی اسٹیڈیم، لاہور

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.