سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان ویمنز کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز ویمنز کے خلاف
ڈبلن ۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنا پہلا میچ جمعہ کو ویسٹ انڈیز ویمنز کے خلاف ڈبلن میں کھیلے گی۔
اس سیریز میں شریک تیسری ٹیم میزبان آئرلینڈ ویمنز ہے۔
پاکستان ویمنز اپنا دوسرا میچ 31 مئی کو آئرلینڈ ویمنز کے خلاف کھیلے گی۔ وہ اپنا تیسرا میچ 3جون کو ویسٹ انڈیز ویمنز کے خلاف کھیلے گی جبکہ 4 جون کو اس کا آخری لیگ میچ آئرلینڈ ویمنز کے خلاف ہوگا۔
یاد رہے کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پاکستان اسوقت آٹھویں نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز کی رینکنگ چھٹی اور آئرلینڈ کی نویں ہے۔
پاکستان ویمنز کا یہ لگاتار دوسرے سال آئرلینڈ کا دورہ ہے۔ گزشتہ سال اس نے کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے جیتی تھی۔
پاکستان ویمنز نے ویسٹ انڈیز ویمنز کے خلاف 22 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں صرف 4 جیتے ہیں اور 18 میں اسے شکست ہوئی ہے۔
پاکستان ویمنز نے آئرلینڈ ویمنز کو 22 میں سے 16میچوں میں شکست دی ہے اور 6 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان ویمنز ٹیم یہ سیریز آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کھیل رہی ہے جو 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ویمنز ٹیم دفاعی چیمپئن آسٹریلیا۔ بھارت ۔جنوبی افریقہ۔ بنگلہ دیش اور ہالینڈ کے ساتھ گروپ اے میں ہے۔ وہ ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 14 جون کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان ویمنز نے حال ہی میں زمبابوے کی ناتجربہ کار ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔ کپتان فاطمہ ثنا اور اوپنر گل فیروزہ اس وقت زبردست فارم میں ہیں ۔ فاطمہ ثنا نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تیز ترین نصف سنچری پندرہ گیندوں پر اسکور کی تھی تاہم پاکستان ویمنز اپنی تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی کی موجود ہ فارم سے فکرمند ہے جو گزشتہ اگست میں آئرلینڈ کے خلاف سنچری کے بعد سے چھ ٹی ٹوئنٹی اننگز میں کوئی نصف سنچری نہیں بناسکی ہیں جبکہ اسی عرصے میں وہ 13 ون ڈے اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوسکی ہیں۔
آئرلینڈ میں ہونے والی سہ فریقی سیریز اور ویمنز ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
فاطمہ ثنا (کپتان) عالیہ ریاض عائشہ ظفر ڈیانا بیگ ایمان فاطمہ گل فیروزہ ارم جاوید منیبہ علی (وکٹ کیپر) نشرہ سندھو نتالیہ پرویز رامین شمیم سعدیہ اقبال سائرہ جبین تسمیہ رباب اور طوبٰی حسن.
ریزرو کھلاڑی ۔امبر کائنات, مومنہ ریاست, صدف شمس , سدرہ امین عروب شاہ اور ام ہانی۔



Leave a Reply