پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ پیر سے شروع
سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے طویل دورے کے تیسرے اورآخری مرحلے میں پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہورہی ہے جس کا پہلا میچ پیر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹی ٹوئنٹی سیریز اور سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان نے دو ایک سے جیتی تھی جبکہ سہ فریقی ون ڈے سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو پاکستان کے خلاف شکست ہوئی تھی۔
کوسال مینڈس کی قیادت میں سری لنکا کی ٹیم بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم اسے پاتھوم نسانکا کی خدمات حاصل نہیں ہیں جو ہمسٹرنگ کی تکلیف کے سبب اس دورے سے باہر ہوگئے تھے۔
Pakistan captain Babar Azam's press conference at Rawalpindi Cricket Stadium ahead of the Test series against Sri Lanka#PAKvSL | #CricketKaJashan pic.twitter.com/dxWM2BYNEN
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) November 8, 2026
موجودہ ٹیم کے سب سے زیادہ تجربہ کار بیٹر دنیش چندی مل ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ میں 16سنچریوں کی مدد سے 6534رنز بناچکے ہیں تاہم ان کی موجودہ کارکردگی تشویش کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ اسلام آباد کے تین روزہ میچ کی دونوں اننگز میں وہ صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔
دھنن جایا ڈی سلوا ٹیسٹ کرکٹ میں 13سنچریوں کی مدد سے چار ہزار سے زائد رنز بناچکے ہیں۔
کپتان کوسال مینڈس ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ ہزار رنز کے قریب ہیں۔ان کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 188 رنز کی اننگز کھیلنے والے لاہیرو اودارا بھی بیٹنگ لائن کا حصہ ہیں۔
سری لنکا کا پیس اٹیک اسیتھا فرنینڈو۔ لاہیرو کمارا۔ ملان رتنائیکے دلشن مادوشانکا اور ایشان مالنگا پر مشتمل ہے جبکہ اسپن بولنگ میں پرابتھ جے سوریا اور کیشارا نووانتھا شامل ہیں۔
پاکستان ٹیم ابھی تک حتمی گیارہ کھلاڑیوں کی تشکیل کے لیے تجربات کے عمل سے گزر رہی ہے۔
پہلے ٹیسٹ کے لیے سولہ رکنی اسکواڈ میں سے جن گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا ان میں چار کھلاڑی ٹیسٹ میچ سے دو روز قبل اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں جن میں طیب عارف ، عامرجمال۔ علی شبیر اور ثاقب خان شامل ہیں جبکہ پہلے سے موجود عبداللہ فضل اور علی عثمان کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا ہے۔
خیال یہی ہے کہ مائیک ہیسن کی خواہش کے مطابق پہلا ٹیسٹ تیز وکٹ پر کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 59 ٹیسٹ کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے23 جیتے ہیں سری لنکا نے 17 میں کامیابی حاصل کی ہے 19 ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔
پاکستان اسوقت آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں 9 ویں نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا کا نمبر 7 واں ہے۔
پاکستان کا سولہ رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابراعظم ( کپتان ) عامرجمال۔ علی شبیر۔ عرفات منہاس۔ اذان اویس۔ محمد عباس۔ غازی غوری۔ محمدسلیمان۔ محمد طحہ ۔ طیب عارف۔ رضاءاللہ۔ سعدبیگ۔ سلمان علی آغا۔ سمیر منہاس۔ ثاقب خان اور سعودشکیل۔



Leave a Reply